جمعرات، 19-ستمبر،2024
جمعرات 1446/03/16هـ (19-09-2024م)

حمزہ علی عباسی کا عارضی طور پر شوبز سے کنارہ کشی کا اعلان

15 نومبر, 2019 14:46

معروف اداکار حمزہ علی عباسی نے شوبز انڈسٹری سے عارضی طور پر کنارہ کشی اختیار کرلی۔

حمزہ علی عباسی نے گزشتہ ماہ اپنے ٹوئٹر پیغام میں مداحوں کو اس حوالے سے آگاہ بھی کیا تھا۔

ان کا اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ’ایک دہائی سے زائد کا سفر اب اپنے اختتام کو پہنچا، میں اس ماہ کے اختتام پر ایک ضروری اعلان بھی کروں گا، امید ہے کہ میری آواز بہت سے لوگوں تک پہنچے گی۔‘

اس ٹوئٹ کے بعد ان کے مداحوں کی جانب سے انتظار کیا جا رہا تھا کہ یہ اعلان کب کیا جائے گا۔

حمزہ علی عباسی نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں انہوں نے شوبز چھوڑنے کا اعلان کیا۔

حمزہ علی عباسی نے اپنی ویڈیو میں بتایا کہ میں نے یہ اعلان اکتوبر کے آخر میں کرنے کا وعدہ کیا تھا مگر کچھ مصروفیات کی وجہ سے اعلان کرنے میں تاخیر ہوگئی جس کے لیے میں معذرت خواہ ہوں۔

حمزہ نے بتایا کہ یہ فیصلہ میری زندگی کا سب سے بڑا فیصلہ ہے جو کہ خدا کے بارے میں ہے۔

اداکار نے ویڈیو پیغام میں اس فیصلے کا پس منظر بتاتے ہوئے کہا کہ ’میں اپنی نو عمری میں ہی لادین (ملحد) ہوگیا تھا۔‘

انہوں نے بتایا کہ لادین ہونے کے بعد میں نے تمام مذہب کو غیر جانبداری کے ساتھ دیکھا اور پرکھا تو مجھے اسلام ہی اصل مذہب لگا اور یہ حقیقت 10 سے 12سال کے طویل درد ناک سفر کے بعد میرے سامنے واضح ہوئی۔

حمزہ نے طویل ویڈیو پیغام میں بتایا کہ جب میں نے موت کی حقیقت کو سمجھا تو مجھے زندگی کی تمام چیزیں موت کی طرح ختم ہوتے ہوئے نظر آتی گئیں۔

ان کا کہنا تھا کہ میں اب اپنی ساری زندگی اللہ اور اس کے بتائے ہوئے اصولوں کے مطابق اور انسانیت کی خدمت میں گزاروں گا، اب میں ٹی وی اور سوشل میڈیا کا پلیٹ فارم خدا کا پیغام آگے بڑھانے کے لیے استعمال کروں گا۔

حمزہ نے کہا کہ مجھے اللہ نے جتنی شہرت اور عزت دی ہے اب میں اس کو صرف دین، اسلام اور اللہ کے بتائے ہوئے اصولوں کو لوگوں تک پہنچانے کے لیے استعمال کروں گا۔

انہوں نے اپنے آخری ڈرامہ سیریل ’الف‘ کی بات کرتے ہوئے بتایا کہ اس ڈرامے کو کرنے کا مقصد صرف یہی تھا کہ اس میں اللہ کا پیغام چھپا ہوا تھا ورنہ فلم ’دی مولا جٹ‘ ہی میرا آخری پروجیکٹ ہوتا۔

حمزہ نے ویڈیو میں پیغام میں کہا کہ میں ڈرامہ اور فلمیں بناؤں گا لیکن ایسی جن میں کسی قسم کا غیر اخلاقی اور بدکاری کا مواد شامل نہیں ہوگا، ڈرامہ اور فلم کے میڈیم کو ملک کی سلامتی اور مذہب کا پیغام دینے کے لیے استعمال کروں گا۔

ویڈیو کے آخر میں شوبز چھوڑنے والے اداکار حمزہ علی عباسی نے کہا کہ میں اب دین کا ادنیٰ طالب علم بن کر زندگی گزاروں گا۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top