جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعرات 1446/03/16هـ (19-09-2024م)

عام انتخابات کیس : چیف جسٹس کی الیکشن کمیشن کو آج ہی صدر سے مشاورت کرنے کی ہدایت

02 نومبر, 2023 15:18

اسلام آباد: 90 روز میں عام انتخابات سے متعلق کیس کے حکم نامہ میں چیف جسٹس نے الیکشن کمیشن کو آج ہی صدر سے مشاورت کرنے کی ہدایت کی ہے۔

چیف جسٹس نے اپنے حکم نامے میں کہا کہ صدر جواب دیں یا نہ دیں آپ نے دستک ضرور دینا ہے، جاکر صدر مملکت کا دروازہ کھٹکھٹائیں، جا کر صدر مملکت کو فون کریں، تحریری اجازت کی ضرورت نہیں۔

چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ اس ملاقات میں سیاسی جماعتوں کا کوئی کردار نہیں ہوگا، کیس کو کب کیلئے رکھیں ؟ ہم جلد از جلد ختم کرنا چاہتے ہیں، صدر کے ملٹری سیکریٹری کو فون کریں، اٹارنی جنرل معاونت کریں گے۔

چیف جسٹس نے کہا کہ عدالت صرف الیکشن چاہتی ہے، کسی اور بحث میں نہیں پڑنا چاہتے، جو تاریخ طے ہوگئی اس پر الیکشن کر انا ہوگا۔

حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ لیکشن کمیشن صدرپاکستان سے مشاورت کرے ، حتوقع کرتے ہیں آج ملاقات کے بعد حتمی تاریخ طے پا جائے گی،انتخابات کی تاریخ سے کل عدالت کو آگاہ کردیا جائے ۔

حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن کے مطابق 30 نومبر کو حلقہ بندی کا عمل مکمل ہوگا، 5 دسمبر کو حلقہ بندیوں کے نتائج شائع ہونگے، الیکشن کمیشن کے مطابق حلقہ بندی شائع ہونے کے بعد انتخابی پروگرام جاری ہوگا۔

حکم نامے کے مطابق الیکشن کمیشن کے مطابق انتخابی پروگرام 30 جنوری کو مکمل ہوگا، الیکشن کمیشن چاہتا ہے انتخابات اتوار کے دن ہوں، انتخابی پروگرام کے بعد پہلا اتوار 4فروری بنتا ہے، عوام کی شرکت کیلئے الیکشن کمیشن چاہتا ہے انتخابات 11 فروری کو ہوں۔

الیکشن کمیشن آج صدر سے ملاقات کرکے انتخابات کی تاریخ کا تعین کرے ،صدر اور الیکشن کمیشن کے درمیان جو بھی طے ہو عدالت کو تحریری طور پر آگاہ کیا جائے۔

عدالت نے کہا ہے کہ تحریر پر صدر مملکت اور الیکشن کمیشن کے دستخط ہونا لازمی ہیں،کاغذ کے ٹکڑے پر سب کے دستخط ہونگے تاکہ کوئی مکر نہ سکے ،الیکشن کمیشن اپنے ممبران سے خود مشاورت کرے۔

 

سیکریٹری الیکشن کمیشن عمر حمید نے سپریم کورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انتخابات کیلئے صدر سے مشاورت کا فیصلہ کرلیا ہے،بہت جلد صدر سے مشاورت کریں گے ۔

عمرحمید نے کہا کہ مشاورت کےحوالے سے عدالت کو آگاہ کریں گے، الیکشن کمیشن صدر سے مشاورت کرے گا۔

 یہ پڑھیں : عام انتخابات کا کیس : الیکشن کمیشن نے 11 فروری کو انتخابات کی تاریخ دے دی

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top