مقبول خبریں
سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر فراڈ کیس میں 350 ملین ڈالرز کا جرمانہ عائد
سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر فراڈ کیس میں 350 ملین ڈالرز کا بھاری جرمانہ عائد کر دیا گیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق نیویارک کی عدالت نے ڈونلڈ ٹرمپ کو دھوکا دہی کیس میں 350 ملین ڈالرز ادا کرنے کا حکم دے دیا۔
عدالت نے کہا کہ ٹرمپ اثاثوں کی مالیت میں جعلی اضافہ کرنے اور سازش کے ذمہ دار ہیں۔
عدالت کی جانب سے سُنائے گئے فیصلے میں ڈونلڈ ٹرمپ پر 3 برس تک نیویارک کی کسی بھی کارپوریشن میں افسر یا ڈائریکٹر کے طور پر کام کرنے پر بھی پابندی عائد کردی ہے۔
واضح رہے کہ نیویارک کے اٹارنی جنرل کی جانب سے دائر مقدمے میں ڈونلڈ ٹرمپ پر الزام عائد کیا گیا کہ وہ ایک دہائی سے بینکرز کو بہتر قرض لینے کے لیے اپنی مجموعی مالیت میں سالانہ 3 اعشاریہ 6 بلین ڈالر کا اضافہ ظاہر کر رہے ہیں۔
تاہم ڈونلڈ ٹرمپ نے ان الزامات کی تردید کرتے ہوئے مقدمے کو سیاسی انتقام قرار دیا ہے۔