جمعرات، 19-ستمبر،2024
جمعرات 1446/03/16هـ (19-09-2024م)

شکر قندی کے پانچ شفاء بخش فائدے

14 دسمبر, 2023 14:00

آلو جیسی شکل اور غذائیت رکھنے والی شکر قندی ایک جڑ ہے،جودنیا کے متعدد حصوں میں عام دستیاب ہوتی ہے اور پاکستان میں بھی لوگ اسے بہت شوق سے کھاتے ہیں۔
اس میں قدرتی طور پر فائبر، کیلوریز ،پوٹاشیم، وٹامنز،کاربو ہائیڈریٹس، کیلشیم جیسے غذائی جُزو پائے جاتے ہیں لہذا شکر قندی بدن کو توانائی بخشنے والے غذائی اجزاء کا مجموعہ ہے ۔
اسے دنیا کے مختلف حصوں میں میٹھے آلو کے نام سے بھی جانا جاتا ہے ،جوغذائیت کے لحاظ سے آلو پر فوقیت رکھتی ہے ۔

شکر قندی کو بھون کر یا اُبال کر کھایا جاتا ہے ،اس کا حلوہ بھی بے حد لذیذ ہوتا ہے جو کہ جسم کو گرمی اور تقویت بخشتا ہے اس کے علاوہ کالی مرچ اور نمک کے ساتھ اس کا استعمال اس کا مزہ اورا فادیت مزید بڑھا دیتا ہے ۔

 

شکر قندی کی خصوصیات :

 

شکر قندی کی ان گنت خصوصیات کی وجہ سے اس سبزی کو سپر فوڈکہا جاتا ہے جو کئی بیماریوں سے محفوظ رکھتی ہے ۔
اس کے پانچ حیران کن فوائد و خصوصیات درج ذیل ہیں ۔

 

1۔ذیابیطس 2 کے مریضوں کے لیے مفید

ایک تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ شکرقندی سے ذیابیطس ٹائپ 2 کے مریضوں میں انسولین کی حساسیت بہتر ہوتی ہے۔
اس میں موجود فائبر بھی اس حوالے سے اہم کردار ادا کرتی ہے، تحقیقی رپورٹس کے مطابق فائبر کا زیادہ استعمال کرنے والے افراد میں ذیابیطس ٹائپ 2 سے متاثر ہونے کا خطرہ کم ہوتا ہے۔

 

2۔کینسر سے بچاؤ کے لیے مفید

شکرقندی بیٹا کیروٹین کے حصول کا بھی بہترین ذریعہ ہے، یہ نباتاتی مرکب جسم میں طاقتور اینٹی آکسائیڈنٹ کے طور پر کام کرتا ہے،اینٹی آکسائیڈنٹس سے متعدد اقسام کے کینسر کا خطرہ کم ہوتا ہے۔
بیٹا کیروٹین میں ایک پرو وٹامن بھی ہوتا ہے جو جسم میں جاکر وٹامن اے میں بدل جاتا ہے،بیٹا کیروٹین سے خلیات کو پہنچنے والے نقصان کی روک تھام میں مدد ملتی ہے ۔

 

3۔بلڈ پریشرکے لیے مفید

شکرقندی میں پوٹاشیم موجود ہوتا ہے۔پوٹاشیم دل کی شریانوں کو صحت مند رکھنے کے لیے اہم جز ہے جس سے بلڈ پریشر کی سطح مستحکم رکھنے میں مدد ملتی ہے۔

 

4۔معدے کے السر کے لیےمفید

شکرقندی میں موجود فائبر معدہ صاف رکھتا ہے اور کھانا ہضم کرنے اور فاضل مادہ جسم سے خارج کرنے میں مدد کرتا ہے جس سے غذا کی نالی میں تیزابیت نہیں بنتی ۔
شکر قندی میں موجود کیلشیم ، پوٹاشیم ، وٹامن بی ، وٹامن سی اور بیٹاکیروٹین السر ہونے کے خطرات سے بھی محفوظ رکھتا ہے ۔

 

5۔جلد اور بالوں کیلئےفائدےمند

شکرقندی کو بیوٹی فوڈ بھی کہاجاتا ہے ۔ اس میں موجود غذائی اجزاء جلد اور بالوں کے لیے بے حد مفید ہیں ۔
وٹامن سی ، وٹامن ای اور بیٹاکیروٹین کے اشتراک سے بننے والی شکرقندی جلد کو چمکدار بناتی ہے اور اس سے رنگ بھی صاف ہوتا ہے ۔ اس کے مستقل استعمال سے بال گھنے ہو جاتے ہیں اوران کا جھڑنا بھی کم ہو جا تا ہے۔

نوٹ: یہ مضمون طبی جریدوں میں شائع تفصیلات پر مبنی ہے، قارئین اس حوالے سے اپنے معالج سے بھی ضرور مشورہ کریں۔

یہ پڑھیں:شکر قندی، بیش بہا فوائد کا خزانہ ہے

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top