جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعرات 1446/03/16هـ (19-09-2024م)

الیکشن کمیشن کا فیصلہ کالعدم، سپریم کورٹ کا پنجاب میں 14 مئی کو انتخابات کرانے کا حکم

04 اپریل, 2023 13:27

اسلام آباد : سپریم کورٹ نے پنجاب، خیبر پختونخوا الیکشن التواء کیس کا محفوظ فیصلہ 8 مارچ کے فیصلے کو بحال کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کا 22 مارچ کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا ہے، 14 مئی کو الیکشن کرانے کا حکم دیدیا۔

فیصلے میں کہا گیا کہ 30 اپریل کے انتخابی شیڈول میں ترامیم کی گئی ہیں۔ الیکشن شیڈول پر جو عمل ہو چکا، وہ برقرار رہے گا۔ ایک ماہ الیکشن کمیشن کے حکم کے باعث ضائع ہوئے۔ 22 مارچ کو الیکشن کمیشن نے حکم جاری کیا تھا۔

فیصلے کے مطابق آئین الیکشن کمیشن کو 90 روز سے آگے جانے کی اجازت نہیں دیتا۔ سپریم کورٹ نے پنجاب میں 14 مئی کو انتخابات کرانے کا حکم دیدیا۔ کاغذات نامزدگی 10 اپریل تک جمع کی جائیں گی۔ حتمی فہرست 19 اپریل تک جاری کی جائیگی۔

سپریم کورٹ نے حکومت کو دس اپریل تک مطلوبہ فنڈز فنڈز مہیاء کرنے کا حکم بھی دیا۔ فیصلے میں کہا گیا کہ وفاقی حکومت انتخابات کیلئے فوری طور پر 21 ارب روپے جاری کرے۔

یہ بھی پڑھیں : الیکشن ہونے چاہئیں لیکن موجودہ صورتحال میں الیکشن ممکن نہیں: وزیراعظم

تین رکنی بینچ کے فیصلے میں کہا گیا کہ 11 اپریل کو الیکشن کمیشن فنڈز حاصل کرنے کی رپورٹ عدالت میں جمع کرائے۔ فنڈز نہ دینے کی صورت میں عدالت مناسب حکم جاری کرے گی۔ الیکشن کمیشن اپنی رپورٹ بینچ ممبران کو چیمبرز میں جمع کرائے۔

سپریم کورٹ کا کہنا تھا کہ اگر ہمارے احکامات نہ مانے گئے تو الیکشن کمیشن مناسب ہدایات کے لئے ہمارے سامنے پیش ہو سکتا ہے۔ چیف سیکریٹری اور آئی جی پنجاب دس اپریل کو سیکورٹی پلان دیں۔ حکومت پنجاب آئینی ذمہ داریاں نبھانے میں مکمل معاوت کرے گی۔

عدالت نے کہا کہ وفاقی حکومت 243 ایک، 148 بی اور 220 کے تحت ہر حال میں انتخابات کیلئے اقدامات کرے۔ وفاقی حکومت سترہ اپریل تک الیکشن کمیشن کو ایف سی، رینجرز سمیت تمام سیکیورٹی پلان دے گی۔

فیصلے میں یہ بھی کہا گیا کہ ہماری توجہ یکم مارچ کے 3/2 فیصلے پر مبذول کرائی گئی۔ ججز کے نوٹ میں چار تین کے تناسب والا معاملہ قانون کے خلاف ہے۔ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اور جسٹس امین الدین کے فیصلے کی کوئی قانونی حیثیت نہیں۔ خیبر پختونخوا کے انتخابات کی تاریخ کے لیئے متعلقہ حکام سے رجوع کیا جائے۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top