جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعہ 1446/03/17هـ (20-09-2024م)

بجلی کمپنیوں کے افسران کو مفت بجلی کے بجائے رقم دینے کا فیصلہ

06 دسمبر, 2023 13:14

اسلام آباد: بجلی تقسیم کار کمپنیوں اور واپڈا افسران کیلئے مفت بجلی کی سہولت ختم کردی گئی ہے، گریڈ 17 اور اس سے اوپر کے افسران کیلئے مفٹ یونٹس ختم کرنے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔

کابینہ کی توانائی کمیٹی کی منظوری کے بعد پاور ڈویژن نے نوٹیفکیشن جاری کیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق گریڈ 17 سے 21 کےافسران کو ماہانہ مفت یونٹس کی بجائے رقم ملے گی، جبکہ مفت بحلی کی سہولت ختم کرنے کا اطلاق یکم دسمبر 2023 سے ہوگا۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ گریڈ 17 کے آفیسر کو مفت بحلی کی بجائے ماہانہ 15 ہزار 858 روپے ملیں گے، جبکہ گریڈ 18 کے آفیسر کو ماہانہ 600 مفت یونٹس کی بجائے 21 ہزار 996 روپے دیے جائیں گے۔

پاور ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق گریڈ 19 کے افسران کو ماہانہ 880 مفت یونٹس کے بجائے 37 ہزار 594 روپے ملیں گے، جبکہ گریڈ 20 کے افسران کو ماہانہ 1100 مفت یونٹس کے بجائے 46 ہزار 992 روپے دیے جائیں گے۔

یہ پڑھیں:حکومت کی بجلی کمپنیوں کے افسران کیلئے مفت بجلی سہولت ختم کرنے کی تیاری

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ گریڈ 21 کے افسر کو ماہانہ 1300 مفت یونٹس کے بجائے 55 ہزار 536 روپے ملیں گے۔

اس کے علاوہ بجلی پیداواری کمپنی کے گریڈ 17 کے افسران کو ماہانہ 24 ہزار 570 روپے دیے جائیں گے، جبکہ گریڈ 18 کے افسران کو ماہانہ 700 مفت یونٹس کے بجائے 26 ہزار 460 روپے ملیں گے۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ جنکوز کے گریڈ 19 کے آفیسر کو ماہانہ 42 ہزار 720روپے دیئے جائیں گے، جنکوز کے گریڈ 20 کے آفیسر کو ماہانہ 46ہزار 992 روپے ملیں گے، جبکہ جنریشن کمپنیوں کے گریڈ 21 کے آفیسر کو ماہانہ 55 ہزار روپے 536 روپے دیئے جائیں گے۔

جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق اطلاق ڈسکوز، این ٹی ڈی سی، واپڈا، جنکوز، پی آئی ٹی سی آفسران پر ہوگا، افسران کو اب متعلقہ بجلی کمپنیوں میں بجلی بل ادا کرنے ہوں گے۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top