جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعہ 1446/03/17هـ (20-09-2024م)

سائفر کیس : شاہ محمود قریشی کے جسمانی ریمانڈ میں 3 روز کی توسیع

25 اگست, 2023 12:16

 

اسلام آباد: آفیشل سیکریٹ ایکٹ کے تحت قائم ہونے والی خصوصی عدالت نے سائفر کیس میں شاہ محمود قریشی کے جسمانی ریمانڈ میں مزید 3 روز کی توسیع کردی۔

اسلام آباد کی خصوصی عدالت کے جج ابو الحسنات نے پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کے خلاف سائفر کیس کی بند کمرے میں سماعت کی جس سلسلے میں ایف آئی اے نے شاہ محمود قریشی کو عدالت میں پیش کیا۔

عدالت میں شاہ محمود قریشی کی طرف سے وکیل شعیب شاہین پیش ہوئے جب کہ ایف آئی اے کے اسپیشل پراسیکیوٹر شاہ خاور عدالت میں پیش ہوئے۔

دوران سماعت شاہ محمود قریشی نے عدالت کو بتایاکہ بطور وزیرخارجہ سائفرکو وزارت خارجہ کوبھیج دیا اور انہوں نے سائفر چوری نہیں کیا۔

دوران سماعت ایف آئی اے کے اسپیشل پراسیکیوٹر نے شاہ محمود قریشی کے مزید 9 دن کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی جس کی شاہ محمود کے وکیل نے مخالفت کی۔

عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد شاہ محمود کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا پر فیصلہ محفوظ کرلیا، کچھ دیر بعد فیصلہ سناتے ہوئے اس میں مزید توسیع کردی۔

عدالت نے شاہ محمود قریشی کو 3 روزکے جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کی تحویل میں دےدیا ۔

واضح رہےکہ اس سے قبل عدالت نے شاہ محمود قریشی کو 4 روز کے جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کیا تھا اور آج مزید 3 روز کے لئے ریمانڈ پر دے دیا۔

یہ پڑھیں : سائفر کیس : شاہ محمود قریشی کا 4 روز کا جسمانی ریمانڈ منظور

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top