منگل، 17-ستمبر،2024
( 13 ربیع الاول 1446 )
منگل، 17-ستمبر،2024

EN

چین اور امریکا کا دہشتگردی کیخلاف پاکستان کی حمایت کا اعلان

28 اگست, 2024 10:38

بلوچستان میں دہشتگردی کے خلاف چین اور امریکا نے پاکستان کی مکمل حمایت کا اعلان کیا ہے۔

ایک ایسے وقت میں جب ملک مسلسل دہشت گردی کے حملوں کی زد میں ہے تو اس دوران امریکا اور چین پاکستان کی حمایت میں سامنے آئے، جنہوں نے بلوچستان میں عسکریت پسندوں کے تازہ ترین حملوں کی شدید مذمت کی اور انسداد دہشت گردی میں پاکستان کی حمایت کا اعلان کیا۔

بلوچستان میں پیر کے روز ہونے والے مہلک ترین حملوں میں ایک ہی دن میں 50 سے زائد افراد جاں بحق ہوئے جن میں عام شہری، پولیس اور فوجی اہلکار شامل ہیں۔

عسکریت پسندوں کے حملوں کی مذمت کرتے ہوئے پاکستان کے دیرینہ علاقائی اتحادی چین نے اپنی حمایت کا اظہار کیا اور پاکستان سے سکیورٹی تعاون بڑھانے کا بھی اعلان کیا۔

چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے پریس بریفنگ میں کہا کہ بیجنگ پاکستان میں ہونے والے حملوں کی شدید مذمت کرتا ہے اور انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں میں پاکستان کی بھرپور حمایت جاری رکھے گا۔

انہوں نے پاکستان کے ساتھ انسداد دہشت گردی اور سیکیورٹی تعاون کو مزید بڑھانے اور مشترکہ طور پر خطے میں امن و سلامتی کے تحفظ کے لیے چین کی آمادگی کا اعادہ کیا۔

اسی طرح امریکا نے بلوچستان کے موسیٰ خیل اور دیگر علاقوں میں قانون نافذ کرنے والے اداروں اور شہریوں کی ہلاکتوں پر شدید افسوس کا اظہار کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: 

بلوچستان: دہشتگرد حملوں میں 11 افراد شہید، ریلوے پُل دھماکے سے تباہ

بلوچستان میں سکیورٹی آپریشن کے دوران 21 دہشتگرد ہلاک، 14 جوان شہید

دریں اثنا یورپی یونین نے بھی ملک کے جنوب مغربی صوبے میں ہونے والے گھناؤنے حملوں کی مذمت کی ہے۔

دوسری جانب جرمنی نے بھی حملے کے متاثرین کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا اور بلوچستان میں تشدد میں حالیہ اضافے پر تشویش کا اظہار کیا۔

واضح رہے کہ پیر کو کالعدم بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے) سے وابستہ عسکریت پسندوں نے شہریوں، پولیس اور سیکیورٹی فورسز کو نشانہ بنایا۔

جوابی کارروائی میں سیکیورٹی فورسز نے 21 دہشت گردوں کو مار گرایا اور متعدد کو زخمی کردیا۔

 

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top