مقبول خبریں
عائزہ خان کا روز مرہ کی زندگی کے بارے میں انکشاف
پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی معروف اداکارہ عائزہ خان نے اپنی گھریلو اور پیشہ ورانہ زندگی میں توازن رکھنے کی جدوجہد مداحوں سے شیئر کی ہے۔
عائزہ خان نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک طویل پوسٹ شیئر کی جس میں انہوں نے اپنے روزمرہ کی روٹین کے بارے میں بتایا اور اپنے مداحوں کا شکریہ ادا کیا۔
عائزہ خان 2019 میں متعدد ڈراموں میں نظر آئیں جس کی وجہ سے یہ سال ان کے لیے کافی مصروف رہا۔
عائزہ نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ "اس سے پہلے کہ یہ سال ختم ہو، میں ان تمام لوگوں کی بے حد شکر گزار ہوں جنہوں نے مجھے اتنا پیار دیا اور میری حوصلہ افزائی کی”۔
اداکارہ جو کہ دو بچوں کی والدہ بھی ہیں، انہوں نے مداحوں کو بتایا کہ صبح سویرے 7 بجے اٹھ کر بیٹی کا لنچ باکس تیار کرکے اسے اسکول چھوڑ کر آنے کے بعد دوسرے بیٹے کو تیار کر کے اپنی والدہ کے پاس چھوڑتی ہوں۔
یہ بھی پڑھیں: رابی پیرزادہ کے بعد اب ایک اور ادکارہ سوشل میڈیا پر وائرل
عائزہ نے لکھا کہ کبھی کبھی تو میں اپنی والدہ سے کہتی ہوں کہ آپ میرے گھر آجائیں تاکہ میں اپنے کام پر جا سکوں۔
عائزہ خان نے بتایا کہ وہ کس طرح اپنی مشکل روٹین میں سے اپنے کام اور گھر کو ساتھ لے کر چلتی ہیں اور اس میں توازن قائم رکھتی ہیں۔
اداکارہ نے خود سے سوال کرتے ہوئے لکھا کہ یہ سب کرنا مشکل ہے؟ اور اس بات کے جواب میں عائزہ نے لکھا کہ کافی مرتبہ یہ میرے لیے مشکل ہوجاتا ہے لیکن جو محبت اور حوصلہ افزائی مجھے مداحوں سے ملی اس نے مجھے سپر وومن (مضبوط عورت) بنا دیا ہے۔
عائزہ نے اپنے کیپشن کے اختتام میں لکھا کہ میرے مداحوں کا پیار ہی مجھے کام کرنے کی ہمت دیتا ہے۔
عائزہ خان نے پیارے افضل، دو قدم دور تھے، میری زندگی ہے تو اور دیگر ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔
عائزہ نے 2014 میں پاکستانی شوبز اور فلم انڈسٹری کے معروف اداکار دانش تیمور کے ساتھ شادی کی اور ان کی 4 سالہ بیٹی حورین اور 1 سالہ بیٹا رایان ہے۔