جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعرات 1446/03/16هـ (19-09-2024م)

منشیات فروشی کے الزامات، ایس ایچ او تھانہ آبپارہ کی عدالت کو شیخ رشید کی شکایت

06 اپریل, 2023 12:44

اسلام آباد : تھانہ آبپارہ ایس ایچ او اشفاق وڑائچ نے عدالت کے سامنے شیخ رشید کی شکایت لگا دی، ان کا کہنا تھا کہ ان کے الزام سے ہتک عزت ہوئی۔

تھانہ آبپارہ کے ایس ایچ او نے شیخ رشید کی موجودگی میں جذباتی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں روزے میں ہوں، وضو میں بھی ہوں، حلفاً کہتا ہوں منشیات فروش نہیں۔ شیخ صاحب بار بار میڈیا پر آکر کہتے ہیں میں منشیات فروش ہوں۔ شیخ صاحب کے ان الفاظ سے میری ہتک عزت ہوئی، بچے مجھ سے پوچھتے ہیں۔

شیخ رشید نے ایس ایچ او کو جواب دیا کہ میں بھی روزے سے ہوں۔ میرا سامان میرا ٹیلی فون انہوں نے نہیں دیا۔ عدالت نے کہا کہ آپ سپرداری دائر کرکے لے سکتے ہیں۔ شیخ رشید نے کہا کہ یہ دو پہلے بھی اسی طرح دے گئے تھے۔ باقی سامان بھی دے دیں۔

یہ بھی پڑھیں : ججز کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کا نتیجہ بھی زیرو نکلے گا: شیخ رشید

جسٹس طارق محمود جہانگیری نے ریمارکس دیئے کہ آئی جی ہو سپاہی ہو یا کوئی بھی ہو ہمارے لئے عزت قابل احترام ہے۔ اگر کسی نے کام ٹھیک نہ بھی کیا ہو تو میں اہلکار کو عزت سے بلاتا ہوں۔ آپ تحریری لکھ کر دیں جو بھی ہوا قانوں خود دیکھ لے گا۔

ایس ایچ او نے کہا کہ میں تحریری بھی لکھ کر دوں گا ویڈیو بھی دوں گا۔ بچے مجھ سے پوچھتے ہیں پاپا آپ منشیات بیچتے ہیں؟

شیخ رشید کے وکیل نے کہا کہ ان سے یہ بھی پوچھ لیں کیا کوئی جونئیر اس طرح ایس ایچ او بن سکتا ہے؟ عدالت نے کہا کہ اگر آپ کے پاس کچھ معلومات ہے تو آپ الگ سے وہ درخواست متعلقہ جگہ دے سکتے ہیں۔

جسٹس طارق محمود جہانگیری نے شیخ رشید کو کہا کہ شیخ صاحب آئندہ ایسی بات نہیں کریں گے، جس پر شیخ رشید نے کہا کہ میں آئندہ ایسی بات نہیں کروں گا۔ ایس ایچ او نے کہا کہ اور جو پہلے کی ہے اس پر معذرت کریں گے؟ شیخ رشید نے مسکراتے ہوئے کہا کہ پہلے جو ہو گیا وہ ہو گیا۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top