جمعرات، 19-ستمبر،2024
جمعرات 1446/03/16هـ (19-09-2024م)

عام انتخابات 8 فروری 2024کو ہوں گے، صدر مملکت اور الیکشن کمیشن میں اتفاق

02 نومبر, 2023 18:59

اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کے درمیان 8 فروری 2024 کو عام انتخابات کرانے پر اتفاق ہوگیا۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری اعلامیےکے مطابق صدر مملکت اور چیف الیکشن کمشنر کے درمیان عام انتخابات 8 فروری 2024 کو کرانے پر اتفاق ہوا ہے۔

ملک میں 90 روز میں انتخابات سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران آج الیکشن کمیشن کے وکیل سپریم کورٹ میں پیش ہوئے اور بتایا کہ الیکشن کمیشن 11 فروری 2024 کو ملک میں الیکشن کروانے کے لیے تیار ہے۔

سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کو عام انتخابات کی تاریخ پر صدر مملکت سے مشاورت کرنے کی ہدایت دی تھی۔

تاہم چیف الیکشن کمشنر ایوان صدر تشریف لائے جہاں انہوں نے الیکشن کی تاریخ پر صدر مملکت عارف علوی سے مشاورت کی۔

ذرائع کے مطابق صدر سے چیف الیکشن کمشنر اور اٹارنی جنرل کی ملاقات ایک گھنٹے سے زائد جاری رہی جس میں عام انتخابات کے لیے صدر مملکت کے سامنے 3 تاریخیں رکھی گئیں، الیکشن کمیشن نے 28 جنوری، 4 فروری اور 11 فروری کی تاریخوں پر رائے دی، تاہم الیکشن کمیشن کی جانب سے 11 فروری کو انتخابات کے لیے موزوں قرار دیا گیا۔

ذرائع نے بتایا کہ ملاقات میں اٹارنی جنرل منصور اعوان بھی شریک تھے، اٹارنی جنرل کی جانب سے صدر مملکت کو آج کے عدالتی آڈر کی کاپی فراہم کی گئی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں چیف الیکشن کمشنر کی جانب سے حلقہ بندیوں اور دیگر امور پر بریفنگ دی گئی، چیف الیکشن کمشنر کی جانب سے انتظامی امور پر بھی بریفنگ دی گئی۔

ذرائع کے مطابق چیف الیکشن کمشنر نے سپریم کورٹ میں دیئے گئے شیڈول سے متعلق آگاہ کیا۔

الیکشن کمیشن نے کہا کہ سپریم کورٹ کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے کہا کہ 11 فروری کو عام انتخابات کی تاریخ تجویز کرتے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن اور صدر میں انتخابات کی تاریخ پر اتفاق نہیں ہوسکا ہے، اٹارنی جنرل صدر مملکت کا پیغام لے کر چیف الیکشن کمشنر کے پاس پہنچ گئے، وہ صدر مملکت کا مؤقف چیف الیکشن کمشنر کے سامنے رکھیں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ صدرمملکت کا مؤقف دیکھنے کے بعد الیکشن کمشنر اپنا مؤقف اٹارنی جنرل کو دیں گے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اٹارنی جنرل کا کہنا تھا کہ الیکشن سے متعلق اچھی خبر ملے گی، تھوڑا انتظار کرلیں، ٹھیک ہوجائے گا۔

یہ پڑھیں : عام انتخابات کیس : چیف جسٹس کی الیکشن کمیشن کو آج ہی صدر سے مشاورت کرنے کی ہدایت

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top