جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعہ 1446/03/17هـ (20-09-2024م)

افغان حکومت کہتی ہے پہلے اپنا گھر سنبھالو، ہم اب اپنا گھر سنبھالیں گے: نگراں وزیراعظم

18 دسمبر, 2023 16:21

اسلام آباد: انوار الحق کاکڑ کا کہنا ہے کہ پاکستان نے جب بھی افغان حکومت کے ساتھ سیکورٹی کے مسائل پر بات چیت کی تو انہوں نے کہا کہ "پہلے اپنا گھر سنبھالو”، پاکستان نے آخرکار فیصلہ کرلیا ہے کہ "ہم اب اپنا گھر سنبھالیں گے”۔

نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے برطانیہ کے بڑے اخبار ٹیلی گراف میں غیر قانونی تارکین وطن پر خصوصی تحریر لکھی۔

انوار الحق کاکڑ نے لکھا کہ پاکستان میں گزشتہ دہائیوں کے دوران تقریباً آئرلینڈ کی آبادی کے برابر تارکین وطن آچکے ہیں، ہم نے فراخدلی سے تارکین وطن کی اتنی بڑی تعداد کو سنبھالا ہے، مہمان نوازی پاکستان کے ڈی این اے میں شامل ہے، غیر قانونی تارکین وطن کو رضاکارانہ طور پر رجسٹریشن اور وطن واپسی کے مُتعدّد مواقع فراہم کیے، اس لئے یہ کہنا بالکل غلط ہے کہ پاکستان نے جلدبازی سے کام لیا۔

انہوں نے لکھا کہ بہت سے غیر قانونی لوگ بلیک مارکیٹ میں کام کرتے ہیں، کوئی ٹیکس نہیں دیتے، یہ لوگ انڈر ورلڈ کے استحصال کا شکار بھی ہیں، اگست 2021 سے کم از کم 16 افغان شہریوں نے پاکستان میں خودکش حملے کیے ہیں، پاکستان نے جب بھی افغان حکومت کے ساتھ سیکورٹی کے مسائل پر بات چیت کی تو انہوں نے کہا کہ "پہلے اپنا گھر سنبھالو”، پاکستان نے آخرکار فیصلہ کرلیا ہے کہ "ہم اب اپنا گھر سنبھالیں گے”۔

یہ بھی پڑھیں: افغانستان: طالبان حکومت کا پاکستانی طالبان کے 40 دہشت گردوں کو گرفتار کرنے کا دعویٰ

نگراں وزیراعظم نے لکھا کہ غیر قانونی تارکین وطن کے اِنخلا کے بارے میں پاکستان کی پالیسی سے متعلق سوشل میڈیا پر غلط معلومات اور بے بنیاد الزامات کی بھرمار ہے، غیر قانونی افراد کے ساتھ احترام اور دیکھ بھال کے ساتھ برتاؤ کرنے کے سخت احکامات ہیں، ہم نے تقریباً 79 ٹرانزٹ مراکز قائم کیے ہیں، جو مفت کھانا، پناہ گاہ اور طبی سہولیات فراہم کر رہے ہیں۔

انوار الحق کاکڑ نے لکھا کہ برطانیہ، فرانس، جرمنی اور اٹلی سمیت مختلف ممالک بھی غیر قانونی تارکین وطن کے مسائل سے دوچار ہیں، اتنی بڑی تعداد میں غیر قانونی افراد کو پاکستان میں قیام کی اجازت دے کر ہم اپنی قومی سلامتی پر مزید سمجھوتہ نہیں کر سکتے، ہمارا مقصد پاکستان کو محفوظ، پر امن اور خوشحال بنانا ہے۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top