جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعرات 1446/03/16هـ (19-09-2024م)

 توشہ خانہ ریفرنس : احتساب عدالت نے نوازشریف کے دائمی وارنٹ منسوخ کردیے

24 اکتوبر, 2023 15:22

مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے توشہ خانہ ریفرنس میں اسلام آباد کی احتساب عدالت کے سامنے سرینڈر کردیا، جس پر عدالت نے نواز شریف کے دائمی وارنٹ منسوخ کر دیے۔

نواز شریف توشہ خانہ ریفرنس کیس میں احتساب عدالت میں پیش ہوئے، عدالت نے نواز شریف کے وارنٹ آج تک معطل کیے تھے، جج احتساب عدالت محمد بشیر نے نواز شریف کو پیشی کے لیے ڈیڑھ بجےتک کا وقت دیا تھا۔

نوازشریف کے وکیل قاضی مصباح نے اسلام آباد کی احتساب عدالت میں 3 درخواستیں دائر کیں۔

وکیل کی جانب سے توشہ خانہ ریفرنس میں نواز شریف کی ضم شدہ پراپرٹی بحال کرنےکی درخواست دائر کی گئی ، دوسری درخواست کی گئی ہےکہ توشہ خانہ کیس میں نواز شریف کا وکیل مقرر کیا جائے۔

عدالت میں نواز شریف کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کی درخواست بھی دائر کی گئی۔نوازشریف کے ضمانتی کے طور پر ن لیگی رہنما طارق فضل چوہدری کو مقرر کیا گیا۔

کیس کی سماعت کا آغاز ہوا تو عدالتی حکم پر نواز شریف نے روسٹرم پر آ کر حاضری لگائی، جس کے بعد جج محمد بشیر کی اجازت سے نواز شریف کمرہ عدالت سے روانہ ہوگئے۔

اس کے بعد نواز شریف کے وکیل محمد عرفان کمرہ عدالت میں پیش ہوئے، عدالت نے نواز شریف کو 10 لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کروانےکی ہدایت کی جس پر نواز شریف کی قانونی ٹیم نے 10 لاکھ روپےکے مچلکے عدالت میں جمع کروا دیے۔

وکیل صفائی قاضی مصباح کا کہنا تھا کہ جب آپ حکم کریں گے نواز شریف عدالت میں پیش ہو جائیں گے۔

عدالت نے جائیداد ضبطی کی درخواست پر نیب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 20 نومبرکو جائیداد ضبطی کی درخواست پر دلائل طلب کرلیے۔

نیب پراسیکیوٹر کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے سرینڈر کردیا ہے ان کے وارنٹ منسوخ کردیں، وارنٹ منسوخ ہوں گے تو ٹرائل آگے چلےگا۔

احتساب عدالت نے نواز شریف کے دائمی وارنٹ بھی منسوخ کردیے،عدالت نے توشہ خانہ ریفرنس کیس کی سماعت 20 نومبر تک ملتوی کر دی۔

یہ پڑھیں : میاں نواز شریف آج احتساب عدالت اور اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیش ہونگے

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top