جمعرات، 19-ستمبر،2024
جمعرات 1446/03/16هـ (19-09-2024م)

موسم سرما کی سوغات، سرسوں کے ساگ کے بے شمار فوائد

24 نومبر, 2023 11:15

 

پنجاب کی اصل پہچان سرسوں کے ساگ اور مکئی کی روٹی سے بہتر اور کوئی نہیں ہے۔ اس سوغات میں ذائقہ، غذائیت ،رنگ اور بے شمار فوائد ہےبالکل پنجاب کے لوگوں کی طرح، جو کہ سردیوں اور بہار کی سوغات ہے۔

سردیوں کے موسم میں سب سے زیادہ کھائی جانے والی، پسند کی جانے والی اور باآسانی دستیاب ہو جانے والی سبزی سرسوں کاساگ ہے۔ جس کے ان گنت فوائد ہیں، سرسوں کا ساگ، رائی کے پودے کے پتوں سے بنایا جاتا ہے۔ اور اسی پودے سے ہمیں چٹخارے دار رائی حاصل ہوتی ہے۔

سردی میں یوں تو خشک میوہ جات و کشمیری چائے خوب پسند کی جاتی ہے اورموسم سرما کی سبزیوں میں پالک، میتھی، گوبھی، مٹر، آلو، گاجر، مولی شلجم اور سوہانجنا شامل ہیں۔

جنہیں اس موسم کے پسندیدہ کھانوں میں خاص طور پر فوقیت حاصل ہے۔ اور ہر گلشن کے دسترخوان کی زینت و دلوں کی تسکین گردانا جاتا ہے، وہاں سرسوں کا ساگ، دیسی ساگ اور میتھی اپنی افادیت کے حساب سے خاص اہمیت کے حامل ہیں۔

 

اگر آپ کو ساگ پسند ہے تو اس کے فوائد بھی جان لیں

ماہرین غذائیت کے مطابق ہرے پتوں والی سبزی ساگ کے استعمال سے انسانی مجموعی صحت پر مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ اس میں موجود آئرن کی بھرپور مقدار خون کی کمی کا خاتمہ کرتی ہے۔ اور نظام ہاضمہ سے جڑی شکایتوں کو دور کرتی ہے جبکہ مدافعتی نظام مضبوط بناتی ہے۔

ماہرین غذائیت کے مطابق سرسوں کے ساگ کے ایک کپ میں 196 کیلوریز پائی جاتی ہیں۔ جبکہ 613 ملی گرام سوڈیم، 839 ملی گرام پوٹاشیم، 5.2 گرام پروٹین، 9.7 گرام کاربوہائیڈریٹس پائے جاتے ہیں۔ اور وٹامن اے 205 فیصد، وٹامن سی 134 فیصد ، 19 فیصد کیلشیم ، اور 33 فیصد آئرن پایا جاتا ہے ۔

 

صحت مند اور جگمگاتی جلد کے لیے فائدہ مند

 

سرسوں کا ساگ وٹامن اے، بی، سی، ای اور کے سے بھرپور ہوتا ہے۔ وٹامن اے، سی اور کےجسم میں جاکر اینٹی آکسائیڈنٹس کا روپ اختیار کرکے فری ریڈیکلز سے لڑتے ہیں اور زہریلے اثرات کو دوران خون سے خارج کردیتے ہیں۔ جس کے نتیجے میں جھریاں ، کیل مہاسے، فائن لائن اور ڈارک اسپاٹس ختم یا کم ہوجاتے ہیں۔

 

دل کی صحت کے لیے فائدہ مند

 

سرسوں کا ساگ نائٹریٹ اور میگنیشم سے بھرپورہوتا ہے۔ اس میں فیٹی ایسڈز کے ساتھ فائیتوکیمیکلز بھی موجود ہوتے ہیں اور یہ سب عناصر دل کی اچھی صحت کے لیے انتہائی ضروری ہیں۔ مناسب مقدار میں نائٹریٹ کا استعمال خون اور ٹشوز میں نائٹریٹ اور نائٹرک آکسائیڈ کی موجودگی کو یقینی بناتا ہے۔

اسی طرح میگنیشم فشار خون کو کنٹرول کرتا ہے۔ جس کی وجہ خون کی شریانوں کا پھیلنا ہوتا ہے۔ اسی طرح دیگر اجزا جسم میں گردش کرنے والے مضر اجزا کے اثرات کی روک تھام کرکے دل کو صحت مند رکھتا ہے۔

 

بینائی کیلئے فائدہ مند

 

ساگ میں موجود اینٹی آکسائیڈنٹس جیسے لیوٹین اور ذےَشَنطِن بینائی کے لیے ضروری ہوتے ہیں۔ یہ عمر بڑھنے سے لاحق ہونے والے امراض جیسے بینائی کی تنزلی اور موتیا وغیرہ کی روک تھام کرتے ہیں۔

 

کولیسٹرول اور جگر کیلئے فائدہ مند

 

ہائی بلڈ کولیسٹرول میٹابولک ڈس آرڈر کی ایک بڑی وجہ ہے۔ ہمارا جگر مسلسل کام کرکے بائل یا صفرا کو تیار کرتا ہے جو کہ چربی اور مخصوص وٹامنز کو ہضم ہونے میں مدد دیتا ہے۔ مگر تکسیدی اور کیمیائی تناؤ کے نتیجے میں جگر ورم کا شکار ہوتا ہے۔ جس سے مختلف امراض کا خطرہ بڑھتا ہے۔

سرسوں کا ساگ اس حوالے سے فائدہ مند ہے۔ جو کہ صفرا سے بہتر تعلق بناکر کولیسٹرول کے اجتماع کی روک تھام کرتا ہے۔ ساگ کے پتوں کو اُبال کر غذا میں شامل کرنا بلڈکولیسٹرول کو کم جبکہ جگر کو تحفظ فراہم کرتا ہے۔

 

یاداشت کے لیے فائدہ مند

 

عمر بڑھنے کے ساتھ ساتھ یاداشت کمزور ہونے لگتی ہے۔  طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ سبز پتوں والی سبزیاں دماغی صحت کے لیے فائدہ مندہوتی ہیں۔ سرسوں کا ساگ بھی ان میں سے ایک ہے، جس کے ابلے ہوئے پتوں کا ایک کپ روزانہ کھانا یاداشت کو بہتر بناتا ہے بلکہ ذہنی عمر بھی کم کرتا ہے۔ اس ساگ میں موجود آئرن اور کیلشیئم بچوں میں دماغی نشوونما کو بھی بہتر کرتے ہیں۔

 

قبض سے نجات میں فائدہ مند

 

ساگ میں موجود فائبر اور فولیٹ آنتوں کی سرگرمی بہتر کرتا ہے۔ کچھ مقدار میں سرسوں کا ساگ کھانے سے جسم کو 3 گرام فائبر ملتا ہے جو قبض سے نجات دلاتا ہے۔ یہ فائبر آنتوں میں چربی کے اجتماع کو روکتا ہے۔ جس سے بھی قبض کی روک تھام ہوتی ہے۔

 

نوٹ: یہ مضمون طبی جریدوں میں شائع تفصیلات پر مبنی ہے، قارئین اس حوالے سے اپنے معالج سے بھی ضرور مشورہ
کریں۔

 

یہ پڑھیں : سردیوں میں دار چینی کی چائے کےحیران کن فوائد

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top