جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعہ 1446/03/17هـ (20-09-2024م)

فل بینچ تشکیل دیا جائے، چیف جسٹس صاحب آپ اس فتنے کا حصہ نہ بنیں : رانا ثناء اللہ

31 مارچ, 2023 13:45

اسلام آباد : وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ رجسٹرار کی ججز کے آگے حیثیت نہیں، چیف جسٹس سے اپیل ہے کہ انصاف ہوتا نظر آنا چاہیے، آپ اس فتنے کا حصہ نہ بنیں۔

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ نے سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ پنجاب اور خیبر پختونخوا الیکشنز پر سماعت کا بینچ 9 ججز سے شروع ہوا، جو آج 3 تک پہنچ گیا ہے۔  آج ایک سنیئر ترین جج نے اس بینچ سے معذرت کر لی۔

انہوں نے کہا کہ اگر عدلیہ سے ججز ایسے روپے اختیار کریں گے تو پھر کیا بنے گا۔ جسٹس مندوخیل نے لکھا کہ فیصلے سے قبل مجھ سے مشاورت ہی نہیں کی گئی۔ یہ ایک بہت بڑا المیہ ہے۔ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے سوموٹو سے متعلق بڑا فیصلہ دے رکھا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : سپریم کورٹ نے جسٹس قاضیٰ فائز عیسیٰ کیس کے فیصلے کیخلاف سرکلر جاری کردیا

ان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کے بینچ سے متعلق ایک سرکلر کے ذریعے فیصلہ جاری کیا گیا۔ سپریم کورٹ رجسٹرار کی معزز ججز صاحبان کے آگے کوئی حیثیت نہیں۔ ایک سرکلر کے ذریعے کسی فیصلے کو کالعدم نہیں ٹھہرایا جا سکتا۔ یہ بھی ایک انتہائی افسوس ناک معاملہ ہے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ چیف جسٹس صاحب پوری قوم کے بڑے ہیں۔ ملک میں ایک فتنہ ہے، جو تمام برائیوں کی جڑ ہے۔ اگر جسٹس فائز عیسیٰ کے خلاف ریفرنس فائل نہ ہوتا تو کہ بحرانی کیفیت نہ آتی۔ چیف جسٹس صاحب سے اپیل ہے کہ اس معاملے کا جائزہ لیں۔

رانا ثناءاللہ کا کہنا تھا کہ صوبائی اسمبلیاں آئینی طریقے سے نہیں توڑیں گئیں۔ چیف جسٹس سے اپیل ہے کہ انصاف ہوتا نظر آنا چاہیے۔ اگر فل بینچ تشکیل نہ دیا گیا تو انصاف ہوتا نظر نہیں آئے گا۔ چیف جسٹس صاحب آپ اس فتنے کا حصہ نہ بنیں۔ ججز کو انارکی کا حصہ نہیں بننا چاہیے۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top