جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعہ 1446/03/17هـ (20-09-2024م)

کلثوم نواز کی میت پاکستان پہنچا دی ، نماز جنازہ شام 5 بجے ادا کی جائے گی

14 ستمبر, 2018 16:36

لاہور  : بیگم کلثوم نواز کا جسد خاکی پاکستان پہنچادیا گیا ان کی میت کو شریف میڈیکل کمپلیکس کے سرد خانے میں رکھا گیا ہے جہاں شریف خاندان کے افراد موجود ہیں۔

جمعرات کو بیگم کلثوم نواز کی لندن کی ریجنٹس پارک مسجد میں نماز جنازہ ادا کی گئی تھی، جس میں اہلخانہ اور مسلم لیگ (ن) کے سابق رہنما چوہدری نثار سمیت کئی سیاسی رہنماؤں اور برطانوی پاکستانیوں کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی تھی۔ لندن میں نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد بیگم کلثوم نواز کی میت کو پی آئی اے کی پرواز پی کے 758 کے ذریعے پاکستان روانہ کیا گیا۔

سابق خاتون اول بیگم کلثوم نواز کی میت کے ساتھ نواز شریف کے چھوٹے بھائی شہباز شریف، سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے اہل خانہ، نواز شریف کے صاحبزادوں حسن اور حسین نواز کے اہلخانہ، سابق وزیراعلیٰ بلوچستان ثناءاللہ زہری اور برجیس طاہر سمیت کئی سیاسی و سماجی شخصیات لاہور پہنچیں جبکہ کلثوم نواز کے صاحبزادے حسین اور حسن نواز پاکستان نہیں آئے۔

بیگم کلثوم نواز کی میت پاکستان آتے ہی اسے شریف میڈیکل سٹی لایا گیا جہاں نواز شریف، مریم نواز اور خاندان کے دیگر افراد نے مرحومہ کا آخری دیدار کیا۔ بیگم کلثوم نواز کی میت کو نماز جنازہ سے قبل شریف میڈیکل کمپلیکس کے سرد خانے میں رکھا گیا ہے جہاں شریف خاندان کے افراد موجود ہیں جبکہ کسی اور شخص کو اندر جانے کی اجازت نہیں ہے۔

بیگم کلثوم نواز کی نماز جنازہ آج شام جاتی امرا کے شریف میڈیکل سٹی گراؤنڈ میں ہی ادا کی جائے گی اور معروف عالم دین مولانا طارق جمیل نماز جنازہ پڑھائیں گے۔نماز جنازہ کے لیے تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں جبکہ جناز گاہ میں صفوں کی نشاندہی کے لیے لائنیں لگائی گئی ہیں جب کہ لاؤڈ اسپیکر بھی نصب کردیا گیا ہے۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top