جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعرات 1446/03/16هـ (19-09-2024م)

22ویں وزیراعظم پاکستان کا انتخاب آج ہوگا

17 اگست, 2018 12:59

اسلام آباد: پاکستان کے 22ویں وزیراعظم کا انتخاب آج ہوگا۔ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان اور صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) شہباز شریف کے درمیان کانٹے دار مقابلے کی توقع۔

تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی نے شہباز شریف کو وزارتِ عظمیٰ کے لیے ووٹ نہ دینے کا اعلان کیا ہے جبکہ آصف علی زرداری اجلاس میں ہی شرکت نہیں کریں گے۔

قومی اسمبلی کا اجلاس آج سہ پہر ساڑھے تین بجے شروع ہوگا جس میں ملک کے اگلے وزیراعظم کا انتخاب عمل میں لایا جائے گا۔

پارٹی پوزیشن کے مطابق تحریک انصاف کے پاس 152 نشستیں ہیں جبکہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے پاس 81 نشستیں موجود ہیں۔ پاکستان پیپلز پارٹی کی 54 نشستیں، متحدہ مجلس عمل 15 ، متحدہ قومی مومنٹ 7 ، بلوچستان عوامی پارٹی 5، بی این پی مینگل 4، پاکستان مسلم لیگ ق 3، جی ڈی اے 3، عوامی مسلم لیگ، جمہوری وطن پارٹی اور عوامی نیشنل پارٹی کی ایک ایک نشست ہے جبکہ 4 نشستیں آزاد امیدواروں کے پاس ہیں۔

وزیراعظم کے چناو کا طریقہ
پاکستان تحریک انصاف کی سپورٹ کو دیکھا جائے تو اس کے پاس 152 نشستیں ہیں اور اسے متحدہ قومی مووومنٹ 7، پاکستان مسلم لیگ ق 3، بلوچستان عوامی پارٹی 5، بی این پی مینگل 4، جی ڈی اے 3، عوامی مسلم لیگ اور جمہوری وطن پارٹی کے ایک ایک ممبر کی حمایت حاصل ہے جس سے ان کی ایوان میں عددی قوت 176 بنتی ہے۔ چار آزاد امیدواروں کا جھکاؤ بھی پاکستان تحریک انصاف کی جانب ہوسکتا ہے، اگر ایسا ہوا تو پی ٹی آئی وزارت عظمیٰ کے لیے 180 ارکان کی حمایت حاصل کرسکتی ہے۔

ہم خیال جماعتوں کو دیکھا جائے تو پاکستان مسلم لیگ ن کے پاس 81 نشستیں ہیں، جب کہ انہیں متحدہ مجلس عمل کے 15 اور عوامی نیشنل پارٹی کے 1 ممبر کی سپورٹ حاصل ہے اور اس طرح اپوزیشن کی عددی قوت 97 بنتی ہے جبکہ 4 آزاد امیدواروں کس سے ہاتھ ملائیں گے یہ واضح نہیں۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے 54 ارکان ہیں تاہم پی پی نے انتخابی عمل میں حصہ نہ لینے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top