جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعرات 1446/03/16هـ (19-09-2024م)

میرا جسم میرے بنانے والے کی مرضی ہے، رابی پیرزادہ کی نئی ویڈیو

14 نومبر, 2019 16:59

رواں ماہ 4 نومبر کو معروف گلوکارہ و اداکارہ رابی پیرزادہ نے اپنی ذاتی ویڈیو لیک ہونے کے بعد شوبز چھوڑنے کا اعلان کیا تھا۔

رابی پیرزادہ کی جانب سے شوبز کو خیرباد کہنے پر جہاں شوبز کی شخصیات نے اسے مایوس کن فیصلہ قرار دیا تھا، وہیں کئی مداحوں نے بھی اداکارہ سے اپنا فیصلہ واپس لینے کا مطالبہ کیا تھا، تاہم بعض مداح اداکارہ کے شوبز چھوڑنے کے فیصلے پر مطمئن بھی تھے اور ساتھ ہی مداحوں نے گلوکارہ کو مشورہ دیا تھا کہ وہ اب اسلامی تعلیمات کے مطابق زندگی گزارنے کا آغاز کریں۔

تاہم تین دن قبل ہی رابی پیرزادہ نے انسٹاگرام اور ٹوئٹر پر خانہ کعبہ کی کچھ بنائی گئی پینٹنگز شیئر کرتے ہوئے زندگی کی نئی شروعات کو شروع کرنے کا اعلان کیا تھا اور اپنی ٹوئٹ میں پینسل آرٹ ورک سے بنائی گئی خانہ کعبہ کی تصاویر کو شیئر کرتے ہوئے اسے ’نئی شروعات‘ کا نام دیا تھا، ساتھ ہی اداکارہ نے ’روح کو بچاؤ‘ کا ہیش ٹیگ بھی استعمال کیا تھا۔

اور اب ان کی ایک نئی ویڈیو سامنے آئی ہے جس میں انہوں نے ذاتی ویڈیوز لیک ہونے کے بعد پہلی بار کھل کر اس معاملے پر بات کی ہے اور خود کو پیش آنےو الے مسائل کا ذکر بھی کیا ہے۔

تقریبا 9 منٹ کی ویڈیو میں رابی پیرزادہ سیاہ لباس اور پردے میں دکھائی دیں، ویڈیو کے دوران بات کرتے ہوئے وہ متعدد بار روتے ہوئے نظر آئیں۔ رابی پیرزادہ نے ویڈیو کے آغاز میں ہی اسلامی تعلیمات کا ذکر کیا اور مداحوں کو مشکلات میں خدا سے رجوع کرنے کی ہدایت کی۔

رابی پیرزادہ کے مطابق جب ان کی ویڈیوز لیک کی گئیں تو کئی خواتین نےان سے رابطہ کرکے ان کے حق میں مظاہرے شروع کرنے کی یقین دہانی بھی کروائی اور کہا کہ کوئی بھی آپ کے خلاف کچھ نہیں بولے گا۔

گلوکارہ و اداکارہ کا کہنا تھا کہ ویڈیوز وائرل ہونے کے بعد انہیں ’می ٹو مہم‘ کی طرح ’میرا جسم میری مرضی‘ کے تحت مہم چلانے کے لیے بھی اکسایا گیا، تاہم وہ یہ سب نہیں کرنا چاہتیں کیوں کہ ’ان کا جسم ان کے پیدا کرنے والے کی مرضی‘ ہے۔

رابی پیرزادہ نے مزید بتایا کہ ویڈیوز سامنے آنے کے بعد انہیں متعدد ٹی وی ڈراموں، فیسٹیول اور اشتہارات میں کام کرنے کی پیش کش بھی ہوئی۔ اداکارہ نے کہا کہ انہوں نے گزشتہ 2 ہفتوں میں سماج کا برا چہرا بھی دیکھا اور انہیں لوگوں کی اچھائی بھی دیکھی۔

انہوں نے کہا کہ ویڈیو لیک ہونے کے بعد ان پر طرح طرح کے الزامات لگائے گئے اور کہا گیا کہ انہیں بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی پر تنقید کرنے کی وجہ سے نشانہ بنایا گیا، ساتھ ہی کہا گیا کہ انہیں وزیر اعظم عمران خان کی مخالفت پر نشانہ بنایا گیا تھا اور کچھ افراد نے ان کی ویڈیوز لیک ہونے پر فوج کو بھی ملوث قرار دینے کی کوشش کی اور ان پر طرح طرح کی تہمتیں لگائی گئیں۔

ویڈیو کے آخر میں رابی پیرزادہ نے نئی زندگی شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اب وہ صوفیانہ کلام گانے اور نعت خوانی کی طرف جا سکتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وہ دعاگو ہیں کہ ان کی بقیہ زندگی اچھی گزرے اور انہیں اپنی حقیقی و آخری زندگی سنوارنے کا موقع ملے۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top