جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعرات 1446/03/16هـ (19-09-2024م)

بھارتی پولیس نے پودے کھانے پر 2 بکریوں کو گرفتار کرلیا

13 ستمبر, 2019 14:40

بھارتی ریاست تلنگانہ کی بھارتی پولیس نے دو بکریوں کو گرفتار کرکے حیران کن مثال قائم کردی۔

بھارتی رپورٹ کے مطابق تلنگانہ کے علاقے حضورآباد میں ریاستی سطح پر درخت اگاؤ مہم کے تحت لگائے گئے پودوں کو یہ دونوں بکریاں نقصان پہنچا رہی تھیں۔

جس کے بعد مقامی این جی او سیو دی ٹریز سے تعلق رکھنے والے رضاکاروں انیل اور وکرانت نے پولیس میں ان بکریوں اور ان کے مالک کے خلاف شکایت درج کروائی۔

رپورٹ کے مطابق ان دونوں رضاکاروں نے علاقے میں درخت اگاؤ مہم کے تحت پودے لگائے تھے، جن کو ان بکریوں نے نقصان پہنچایا۔

یہ بھی پڑھیں : بیوی کسی حال میں خوش نہیں

پولیس کا کہنا تھا کہ این جی او سے تعلق رکھنے والے رضاکاروں نے اپنی شکایت میں کہا کہ انہوں نے علاقے میں مہم کے تحت 900 پودے لگائے تھے، جن میں سے 250 پودے ان بکریوں نے کھالیے۔

جس کے بعد پولیس نے ان دونوں بکریوں کو گرفتار کرکے تھانے کے باہر باندھ دیا۔

پولیس نے بکریوں کو گرفتار کرنے کے ساتھ ساتھ ان کے مالک پر ایک ہزار روپے کا جرمانہ عائد کیا، جسے بھرنے کے بعد ان دونوں بکریوں کو مالک کے حوالے کیا گیا۔

یاد رہے کہ رواں سال ممبئی پولیس نے ایک شخص کی اطلاع پر پھرتیاں دکھاتے ہوئے فلم کی شوٹنگ کے لیے جانے والے 2 نئے اداکاروں کو گرفتار کرکے ان کے خلاف مقدمہ بھی دائر کردیا تھا۔

بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق پولیس نے پھرتی دکھاتے ہوئے سی سی ٹی وی فوٹیجز سے خطرناک دہشت گردوں کے روپ میں شہر میں گھومنے والے 2 ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے خلاف تحقیقات بھی شروع کردی تھی۔

پولیس کی جانب سے طویل تحقیقات کے بعد پتہ چلا کہ گرفتار کیے گئے دونوں افراد دراصل خطرناک دہشت گرد نہیں بلکہ آنے والی بولی وڈ ایکشن فلم کے غنڈے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق دونوں افراد کی شناخت 23 سالہ بلرام گنوالا اور 20 سالہ ارباز خان کے نام سے ہوئی جو ہریتھیک روشن اور ٹائیگر شروف کی آنے والی ایکشن فلم کی کاسٹ میں شامل تھے۔

دونوں افراد فلم میں غنڈوں کا کردار ادا کر رہے ہیں، اس لیے وہ شوٹنگ پر جانے کی غرض سے تیار ہوکر جا رہے تھے۔ گرفتار کیے گئے افراد کی سامنے آنے والی تصاویر میں وہ بظاہر دہشت گرد ہی دکھائی دیتے ہیں۔

بعد ازاں پولیس نے گرفتار کیے گئے دونوں افراد سمیت فلم کے یونٹ انچارج پر تعزیرات ہند کی شق 188 کے تحت شہریوں میں خوف پھیلانے اور خطرناک صورتحال پیدا کرنے کا مقدمہ دائر کردیا تھا۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top