جمعرات، 19-ستمبر،2024
جمعرات 1446/03/16هـ (19-09-2024م)

اڈیالہ جیل : نہ کوئی ناشتہ آیا نہ کوئی ملاقات کے لئے آیا

14 جولائی, 2018 18:54

راولپنڈی : ن لیگ کے کسی رہنما کی جانب سے نہ کوئی ناشتہ آیا نہ کوئی ملاقات کے لئے آیا

سزا یافتہ نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کی قید با مشقت کا آغاز ہوگیا، پہلی رات اڈیالہ جیل میں گزری، جیل انتظامیہ کے مطابق نواز شریف کو اڈیالہ جیل کی اے کلاس الاٹ کردی گئی۔

ایوان فیلڈ ریفرنس میں سزا یافتہ نواز شریف اور مریم نواز اڈیالہ جیل میں رات بھر سو نہ سکے اور دونوں کے لئے جیل میں پہلی رات بڑی بھاری ثابت ہوئی۔

ذرائع جیل انتظامیہ کا کہنا ہے کہ نوازشریف کواڈیالہ جیل کی اے کلاس الاٹ کی گئی ہے، ان کو وہیں منتقل کیا گیا جہاں یوسف رضا گیلانی نے قید کاٹی تھی جبکہ مریم نوازکوخواتین کی بیرک میں خصوصی سیل میں رکھا گیا ہے۔

جیل میں نوازشریف کو ٹیلی ویژن، اخبار، اے سی، بیڈ اور ایک مشقتی کی سہولت دی گئی جبکہ جیل میں اٹیچ باتھ روم، پنکھا موجود ہے۔

جیل انتظامیہ کے مطابق صبح ہوئی تو دونوں کو انڈے پراٹھے ناشتہ کی پیشکش کی تو مریم نواز نے ناشتہ کیا تاہم نوازشریف نے صرف چائے اوردواہی لی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مجرمان باہرسےبھی اپنے کھانے کا بندوبست کروا سکتے ہیں لیکن ن لیگ کے کسی رہنما کی جانب سے نہ کوئی ناشتہ آیا نہ کوئی ملاقات کے لئے آیا ۔

یاد رہے کہ نواز شریف اور مریم نوازکو لندن سے لاہور پہنچتے ہی گرفتار کرلیا تھا ، جس کے بعد دونوں کو خصوصی طیارے سے نیواسلام آباد ایئرپورٹ لایا گیا، جہاں سے اڈیالہ جیل منتقل کردیا گیا تھا۔

جیل میں میڈیکل چیک اپ کے بعد دونوں مجرموں کو قیدی نمبرالاٹ کرکے بیرکوں میں بھیج دیا گیا تھا۔

دوسری جانب سہالہ ریسٹ ہاؤس کو سب جیل قرار دینے کا نوٹی فکیشن جاری کر دیا گیا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق نوازشریف ودیگر کیخلاف دو ریفرنسز پر ٹرائل اڈیالہ جیل میں ہی ہوگا، ان کیخلاف نیب کورٹ ون جیل میں مقدمہ سنے گی، اڈیالہ جیل میں ٹرائل احتساب عدالت کے جج محمد بشیرکریں گے۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top