جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعرات 1446/03/16هـ (19-09-2024م)

بھارت: ہندوؤں کو اسلام کی دعوت دینے پر 12 علما کو عمر قید کی سزا

14 ستمبر, 2024 14:45

بھارت میں ہندوؤں کو اسلام کی دعوت دینے پر ایک درجن علما کو عمر قید جب کہ 4 اسکالرز کو 10 سال قید کی سزا سنادی گئی۔

بھارتی ریاست اتر پردیش کی ایک عدالت نے معروف عالم دین مولانا کلیم صدیقی اور محمد عمر گوتم سمیت 12 مسلم اسکالرز کو  عمر قید کی سزا سنائی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اتر پردیش کے ممتاز علما کو 2021 میں مذہب تبدیلی سے متعلق کیس میں سزا سنائی گئی۔

سزا پانے والے علماء میں مولانا کلیم صدیقی، محمد عمر گوتم، عرفان شیخ، صلاح الدین زین الدین شیخ، پرساد رامیشور کانوڑے عرف آدم، ارسلان مصطفی عرف بھوپریا بندن، کوثر عالم، فراز شاہ، دھیرج گووند راؤ جگتاپ، سرفراز علی جعفری، قاضی جہانگیر اور عبداللہ عمر شامل ہیں۔

حیران کن طور پر عمر قید کی سزا آئی پی سی سیکشن 121 اے کے تحت سنائی گئی جو ریاست مخالف جرائم سے متعلق ہے۔

مولانا کلیم صدیقی اور محمد عمر گوتم کے ہاتھوں سینکڑوں ہندو اسلام قبول کرچکے ہیں۔ دونوں علما کو دو سال جیل میں گزارنے کے بعد پچھلے سال ضمانت پر رہا کیا گیا تھا۔

محمد عمر گوتم اور عبداللہ عمر کو دفعہ 35 ایف سی آر اے کے تحت اضافی پانچ سال قید اور 25 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی گئی ہے۔

دیگر اسکالرز کو غیر قانونی مذہبی تبدیلی ایکٹ، 2021 کی دفعہ 8 کے تحت تین سال قید اور 10،000 روپے جرمانے کی سزا سنائی گئی۔

عدالتی حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ سزا یافتہ ملزمان کی سابقہ قید کی سزا کو حالیہ سنائی گئی سزا میں شامل کیا جائے گا۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top