جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعرات 1446/03/16هـ (19-09-2024م)

آئی پی پیز کے چیلنج سے نمٹنے کیلئے حکومت نے بڑا فیصلہ کرلیا

09 اگست, 2024 14:32

وفاقی حکومت نے بجلی کی پیداواری لاگت کم کرنے کے لئے اقدامات کرنے کے علاوہ انڈیپنڈنٹ پاور پروڈیوسرز (آئی پی پیز) کے مسائل کو دیکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس بات کا اعلان وزیر توانائی اویس لغاری اور وزیراعظم کے معاون خصوصی محمد علی نے بجلی کے شعبے کے موجودہ معاملات پر داخلی اجلاس کے بعد مشترکہ ریکارڈ شدہ پالیسی بیان میں کیا۔

وزیر توانائی نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی ہدایت پر پاور سیکٹر میں اسٹرکچرل ریفارمز پر عملدرآمد کے لئے ایک ٹاسک فورس تشکیل دی گئی ہے جو پاور ڈویژن میں بہتری کے لئے تمام پہلوؤں کا جائزہ لے گی۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے انہیں ٹاسک فورس کے چیئرمین کی ذمہ داری سونپی ہے، ٹاسک فورس پاور سیکٹر ریفارمز سے متعلق تمام امور کا تفصیلی جائزہ لے گی۔

وزیر توانائی کا کہنا تھا کہ اصلاحات پر عمل درآمد کے لئے تمام سرکاری ادارے مل کر کام کریں گے، ہمارے پاس بہت کم وقت ہے جب کہ اس دوران قوم اور صارفین کو منافع فراہم کرنا ضروری ہے۔

اوس لغاری کا کہنا تھا کہ حکومت نے توانائی کے شعبے میں ڈھانچہ جاتی اصلاحات لانے پر کام شروع کیا ہے اور اس سلسلے میں تقریبا 20 سے 22 اہم نکات کی نشاندہی کی گئی ہے۔

ٹاسک فورس کے شریک چیئرمین محمد علی نے بتایا کہ ٹاسک فورس کے ٹرم آف ریفرنس (ٹی او آرز) پہلے ہی تیار کیے جاچکے، ٹاکس فورس آئی پی پیز کے مسائل اور بجلی کی پیداواری لاگت کو کم کرنے کے لئے اقدامات کرے گی۔

محمد علی کا کہنا تھا کہ گردشی قرضے، ڈسکوز کی نجکاری اور بجلی کی کمرشل ڈیلنگ اہم مسائل ہیں جنہیں ڈیڑھ سال میں حل کرنا ہے، 2500 میگاواٹ کے حکومت کے اپنے پاور جنریشن پلانٹس میں سے پانچ کو بھی بند کردیا جائے گا۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top