جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعرات 1446/03/16هـ (19-09-2024م)

کے الیکٹرک کا حکومت سے پاور پلانٹس کو گیس کی فراہمی میں مدد کا مطالبہ

08 اگست, 2024 13:04

کے الیکٹرک نے حکومت سے اپنے پاور پلانٹس کو گیس کی فراہمی میں مدد کرنے کا مطالبہ کردیا۔

ذرائع پیٹرولیم ڈویژن کے مطابق کے الیکٹرک نے مقامی گیس فیلڈز مختص کرنے کے لیے وفاقی حکومت سے رابطہ کیا ہے جسے اس کے پلانٹس منتقل کرکے استعمال کیا جاسکتا ہے۔

کے الیکٹرک کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نے وزیر پیٹرولیم مصدق ملک کو خط لکھا جس میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ چند سالوں کے دوران کے الیکٹرک کو دیسی گیس کی فراہمی میں شدید کمی ہے۔

خط میں کہا گیا کہ کمپنی کا ری گیسفائیڈ لیکوئڈ نیچرل گیس (آر ایل این جی) پر انحصار بڑھ گیا ہے جس کے نتیجے میں پیداواری لاگت میں اضافہ ہوا ہے کیونکہ کے الیکٹرک کا بیڑا بنیادی طور پر گیس پر مبنی پیداواری یونٹس پر مشتمل ہے۔

کمپنی نے کہا کہ کے الیکٹرک کے پیداواری اثاثوں کو فیلڈ میں منتقل کرکے یا پلانٹ سائٹ پر گیس منتقلی کے ذریعے اس کی تقسیم ممکن ہے۔

وزیر پیٹرولیم کو لکھے گئے خط میں مزید کہا گیا کہ کے الیکٹرک سمجھتا ہے بلوچستان میں آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل) کی اوچ فیلڈ میں گیس کے وافر ذخائر موجود ہیں یا گیس کمپریشن پر معمولی سرمایہ کاری کے ساتھ دستیاب کرائے جاسکتے ہیں۔

کے الیکٹرک نے پیٹرولیم ڈویژن سے ماڑی پیٹرولیم کمپنی لمیٹڈ (ایم پی سی ایل) سے 100 ایم ایم ایس سی ایف ڈی دیسی گیس مختص کرنے کی درخواست کی ہے کیونکہ ایس این جی پی ایل کے ساتھ ان کا معاہدہ جون 2024 تک ختم ہوچکا ہے۔

اس کے علاوہ کمپنی کا مزید کہنا تھا کہ کے الیکٹرک کو اس گیس کی دوبارہ الاٹمنٹ سے کراچی کے صارفین کو بہت فائدہ ہوگا کیونکہ اس وقت کے الیکٹرک کا گیس بیڑا آر ایل این جی پر چل رہا ہے جو دیسی گیس سے تین گنا زیادہ مہنگی ہے۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top