جمعرات، 19-ستمبر،2024
جمعرات 1446/03/16هـ (19-09-2024م)

ویڈیو: نئے اسلامی سال کے آغاز پر غلاف کعبہ تبدیلی کی روح پرور تقریب

07 جولائی, 2024 14:00

سعودی عرب میں نئے اسلامی سال کا آغاز ہونے پر ایک پروقار تقریب میں خانہ کعبہ کا غلاف تبدیل کر دیا گیا۔

اخبار 24 کے مطابق حرمین شریفین کے امور کی جنرل اتھارٹی نے نئے سال کے آغاز پر غلاف کعبہ کو تبدیل کر دیا۔ اس حوالے سے ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی جو رات بھر جاری رہی۔ اس دوران کعبۃ اللہ سے پرانا غلاف اتار کر نیا غلاف چڑھایا گیا۔

سعودی عرب میں نئے ہجری (اسلامی) سال کا آغاز ہوگیا۔ نئے سال کے آغاز کےاعلان کے ساتھ ہی مسجد الحرام میں خانہ کعبہ کا غلاف تبدیل کر دیا گیا۔

غلاف کعبہ تبدیلی کے اس عمل میں 159افراد پر مشتمل تکنیکی ماہرین اور کاریگروں نے حصہ لیا۔ روح پرور مناظر، غلاف کی تبدیلی کے دوران بھی کعبہ کا طواف جاری رہا۔

غلاف کعبہ کی تیاری میں 670 کلو گرام خام ریشم اور 120 کلو گرام سونے کا دھاگا استعمال کیا گیا۔ اس کا وزن 1350 کلو گرام اور یہ 98 سینٹی میٹر چوڑا اور 14 میٹر اونچا ہے۔

مکہ مکرمہ میں کنگ عبدالعزیز کمپلیکس برائے مقدس کعبہ کسوہ میں 200 سے زیادہ کاریگر اور منتظم غلاف کعبہ کو تیار کرتے ہیں۔

غلاف کعبہ کے کپڑے کی پانچ مختلف حصوں میں سلائی کے بعد اس کے زیریں حصے کو سونے کا پانی چڑھے تانبے کے 60 کڑوں کے ذریعے جوڑا جاتا ہے۔ شاہ عبدالعزیز کمپلیکس میں غلاف کعبہ کی تیاری کے لیے لگ بھگ 670 کلوگرام ریشم کو سیاہ رنگ میں رنگا جاتا ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل کئی دہائیوں سے غلاف کعبہ (کِسوۃ) ہر سال حج کے دوران 9 ذوالحج کی صبح کو حجاج کے میدان عرفات روانہ ہونے کے بعد تبدیل کیا جاتا تھا تاہم گزشتہ سال سے غلاف کعبہ کی تبدیلی کی سالانہ تقریب نئے اسلامی سال کے پہلے دن ہوتی ہے۔

غلاف کعبہ کو قرآنی آیات سے سجایا جاتا ہے جنہیں سونے اور چاندی کے دھاگوں سے بُنا جاتا ہے۔ اس عمل میں 120 کلوگرام سونا اور 100 کلوگرام چاندی استعمال ہوتی ہے۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top