جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعرات 1446/03/16هـ (19-09-2024م)

کویت کی رہائشی عمارت میں آگ بھڑک اٹھی، 40 بھارتی مزدور ہلاک

12 جون, 2024 21:14

کویت کے جنوبی علاقے کی ایک رہائشی عمارت میں لگنے والی خوفناک آگ میں 40 بھارتی مزدور ہلاک جبکہ 30 سے زائد زخمی ہوگئے۔

غیرملکی خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق کویت کے شہر منگاف کی 6 منزلہ عمارت میں 160 مزدور رہائش پذیر تھے۔ آگ پہلے عمارت کے کیچن میں لگی اور دیکھتے ہی دیکھتے پوری عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

یہ عمارت کویت کے سب سے بڑے تعمیراتی گروپ این بی ٹی سی نے تعمیر کی تھی۔ بھارتی نژاد تاجر کے جی ابراہم اس کمپنی کے منیجنگ ڈائریکٹر اور پارٹنر ہیں۔
کمپنی نے اس عمارت کو 195 سے زائد ملازمین کو کرائے پر دے رکھا تھا۔

کویت کے سینیئر وزیر نے جلی ہوئی عمارت کے دورے کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ آج جو کچھ ہوا وہ کمپنی اور عمارت کے مالکان کے لالچ کا نتیجہ ہے۔

پولیس کے بقول عمارت کی تعمیر میں حفاظتی اقدام کو ملحوظ خاطر نہیں رکھا گیا تھا جس پر عمارت کے مالک، چوکیدار اور کمپنی کے مالک کو بھی واقعے کا ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے گرفتار کرلیا گیا۔

دوسری جانب زیادہ تر اموات عمارت میں دھواں بھرنے کے باعث مزدوروں کے دم گھٹ جانے سے ہوئیں۔ درجن سے زائد افراد کو بحفاظت عمارت سے نکالا گیا جب کہ 34 لاشوں اور 35 سے زائد زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top