جمعرات، 19-ستمبر،2024
جمعرات 1446/03/16هـ (19-09-2024م)

امریکہ میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا انکشاف

30 مئی, 2024 17:14

چین کی اسٹیٹ کونسل انفارمیشن آفس نے 2023 میں امریکہ کی جانب سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر ایک رپورٹ جاری کی ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 2023 میں امریکہ میں انسانی حقوق کی صورتحال مسلسل خراب ہوتی رہی، سیاسی جماعتوں کی کشمکش، حکومتی کمزوری اور گورننس کی ناکامیوں کی وجہ سے شہری اور سیاسی حقوق کی مؤثر طور پر ضمانت نہیں دی جاتی ہے۔

چینی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں میں پولیس کی بدسلوکی اور تشدد کے ساتھ ساتھ بڑے پیمانے پر فائرنگ کے واقعات میں اضافہ ہو رہا ہے اور امریکی حکومت کی ساکھ مسلسل خراب ہورہی ہے۔

مزید پڑھیں:اسرائیلی فوج کی رفح کے علاقوں میں شدید بمباری، 37 فلسطینی شہید

اسٹیٹ کونسل انفارمیشن آفس رپورٹ میں نشاندہی کی گئی ہے کہ امریکہ میں نسل پرستی کی جڑیں بہت گہری ہیں اور نسلی امتیاز سنگین ہے اور افریقی نسل کے لوگوں کیخلاف منظم نسل پرستی امریکی پولیس فورس اور فوجداری انصاف کے نظام میں داخل چکی ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ امریکہ میں امیر اور غریب کے درمیان پولرائزیشن میں اضافہ ہوا ہے اور کم آمدنی والے خاندان بنیادی ضروریات جیسے خوراک، کرایہ اور سہولیات کی ادائیگی کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں۔

رپورٹ سے پتہ چلتا ہے کہ امریکہ میں خواتین اور بچوں کے حقوق کو طویل عرصے سے منظم طریقے سے پامال کیا جا رہا ہے، حمل کے امتیاز کے نتیجے میں ہر سال تقریبا 54 ہزار خواتین اپنی ملازمتوں سے ہاتھ دھو بیٹھتی ہیں جب کہ نوعمر آبادی میں منشیات کا استعمال پھیل رہا ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ امریکہ کو تارکین وطن کے خلاف امتیازی سلوک کا سنگین مسئلہ درپیش ہے اور تارکین وطن اور ان کے بچوں کو بڑے پیمانے پر گرفتاریوں، انسانی اسمگلنگ اور استحصال کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔

رپورٹ میں اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ امریکہ طویل عرصے سے بالادستی پر عمل پیرا ہے، اقتدار کی سیاست کرتا رہا ہے اور طاقت کا غلط استعمال اور یکطرفہ پابندیاں عائد کرتا رہا ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ امریکہ دوسرے ممالک کو کلسٹر گولہ بارود جیسے ہتھیار فروخت جاری رکھے ہوئے ہے جس سے علاقائی کشیدگی اور مسلح تنازعات میں اضافہ ہوا ہے اور بڑی تعداد میں شہری ہلاکتیں اور سنگین انسانی بحران پیدا ہو رہے ہیں۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ امریکہ نے بڑے پیمانے پر "غیر ملکی ایجنٹ” کی کارروائیاں بھی کی ہیں، جو معاشروں کو غیر مستحکم کرتی ہیں اور دوسرے ممالک کے انسانی حقوق کی خلاف ورزی کرتی ہیں۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top