جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعرات 1446/03/16هـ (19-09-2024م)

سابق کمشنر راولپنڈی کےدھاندلی کے الزامات ، خصوصی کمیٹی آج سے تحقیقات کریگی

19 فروری, 2024 08:56

 

انتخابی دھاندلی کا دعویٰ کرنے والے سابق کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چٹھہ کے الزامات پر الیکشن کمیشن کی خصوصی کمیٹی آج سے تحقیقات شروع کرے گی۔

راولپنڈی، اٹک، جہلم، چکوال، تلہ گنگ اور مری کے علاقوں پر مشتمل راولپنڈی ڈویژن میں قومی اسمبلی کی 13 جبکہ پنجاب اسمبلی کے 26 نشستیں ہیں۔

ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن کی خصوصی کمیٹی تحقیقات کے دوران راولپنڈی ڈویژن سے قومی اسمبلی کے 13 اور صوبائی اسمبلی کے 26 حلقوں کے ریٹرننگ افسران کے بیانات قلم بند کرے گی۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ سابق کمشنر راولپنڈی کے الزامات پر الیکشن کمیشن کی کمیٹی کے اجلاس میں کمشنر راولپنڈی کے بیان کے ٹرانسکرپٹ حاصل کرنے کیلئے چیئرمین پیمرا کوخط لکھنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ دو روز قبل سابق کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چٹھہ نے عام انتخابات میں بے ضابطگیوں کا اعتراف کرتے ہوئے مستعفی ہونے کا اعلان کیا تھا۔

راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سابق کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چٹھہ کا کہنا تھا میں نے انتخابات کے دوران راولپنڈی ڈویژن میں نا انصافی کی، ہم نے ہارے ہوئے امیدواروں کو 50، 50 ہزار کی لیڈ میں تبدیل کر دیا، راولپنڈی ڈویژن کے 13 ایم این ایز ہارے ہوئے تھے، انہیں 70، 70ہزار کی لیڈدلوائی اور وطن کے ساتھ کھلواڑکیا۔

لیاقت چٹھہ کا کہنا تھا راولپنڈی ڈویژن میں انتخابی دھاندلی کی ذمہ داری قبول کرتا ہوں اور اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان کرتے ہوئے اپنے آپ کو پولیس کے حوالے کرتا ہوں، مجھے راولپنڈی کے کچہری چوک میں سزائے موت دی جائے۔

سابق کمشنر راولپنڈی کی جانب سے الیکشن میں دھاندلی کروانے کا دعویٰ سامنے آنے کے بعد الزامات کی تحقیقات کیلئے الیکشن کمیشن نے خصوصی کمیٹی قائم کر دی تھی۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے تشکیل دی گئی خصوصی کمیٹی کی صدارت سینیئر ممبر الیکشن کمیشن کریں گے جبکہ کمیٹی میں سیکرٹری، اسپیشل سیکرٹری اور ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل قانون شامل ہوں گے۔

کمیٹی اس سلسلے میں راولپنڈی کے ڈی آر اوز اور متعلقہ آر اوز کےبیانات قلمبند کرے گی اور تین دن میں اپنی رپورٹ الیکشن کمیشن کو پیش کرے گی۔

اس کمیٹی کی رپورٹ آنے کے بعد کمشنر راولپنڈی کے خلاف توہین الیکشن کمیشن یا دیگر قانونی کارروائی کے بارے میں بھی فیصلہ کیا جائےگا۔

یہ پڑھیں : راولپنڈی ڈویژن کے کمشنر اور ڈپٹی کمشنرز نے سابق کمشنر راولپنڈی کے الزامات مسترد کردئیے

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top