جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعہ 1446/03/17هـ (20-09-2024م)

ایران اور پاکستان دہشت گردوں کو کسی قسم کا کوئی موقع نہیں دیں گے: ایرانی وزیر خارجہ

29 جنوری, 2024 13:54

 

اسلام آباد : ایرانی وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ ایران اور پاکستان دہشت گردوں کو کسی قسم کا کوئی موقع نہیں دیں گے۔

پاکستان اور ایران کے وزرائے خارجہ کی مشترکہ پریس کانفرنس میں ایرانی وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی سیکیورٹی ہمارے لیے مقدم ہے،ایران اور پاکستان دہشت گردوں کو کسی قسم کا کوئی موقع نہیں دیں گے ،دہشت گردوں نے ایران کو بہت نقصان پہنچایا ہے۔

حسین امیر عبداللہیان نے کہا کہ پاکستان کامسئلہ فلسطین پر ٹھوس مؤقف کا خیرمقدم کرتے ہیں،پاکستان میں آئندہ انتخابات کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہیں۔

ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ مشترکہ بارڈر پر موجود دہشت گرد دونوں ممالک کی سلامتی کیلئے خطرہ ہیں،عالمی اداروں میں دونوں ممالک نے مؤثر کردار ادا کیا۔

ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ اہم برادرانہ تعلقات ہیں،پاکستان کے ساتھ جغرافیائی تعلقات بھی اہمیت کے حامل ہیں، ایران اور پاکستان میں مقیم افراد کو ایک ہی قوم سمجھتے ہیں۔

جلیل عباس جیلانی نے پریس کانفرنس میں کہا کہ  ایرانی ہم منصب اور وفد کو پاکستان میں خوش آمدید کہتے ہیں، کہ ایران پاکستان کا دوست اور ہمسایہ ملک ہے، ایران سے دیرینہ ثقافتی، مذہبی اور برادرانہ تعلقات ہیں۔

نگراں وزیر خارجہ نے کہا کہ ایرانی وفد سے مختلف امور پر بات چیت ہوئی، ایران اور پاکستان کے مضبوط تعلقات دونوں ممالک کی ترقی کیلئے اہم ہیں، پاکستان ایران سے مختلف شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے کا خواہاں ہے۔

جلیل عباس نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف مشترکہ کارروائیوں کی ضرورت ہے اور اس کے خلاف مضبوط لائحہ عمل ضروری ہے۔

نگراں وزیر خارجہ نے کہا کہ دہشت گردی کا مسئلہ دونوں ممالک کا مشترکہ چیلنج ہے، سرحدی علاقوں میں معاشی سرگرمیوں کا فروغ ضروری ہے، سرحدوں پر 5 مشترکہ مارکیٹس کھولی جائیں گی،بارڈر مارکیٹوں میں تجارتی سرگرمیاں وقت کی ضرورت ہیں۔

پاکستان نے ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کو دورہ اسلام آباد کی دعوت بھی دی۔

یہ پڑھیں : ایرانی وزیرخارجہ حسین امیر عبداللہیان اسلام آبادپہنچ گئے

 

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top