جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعہ 1446/03/17هـ (20-09-2024م)

حج اورعمرہ زائرین کو نکاح خواں اور فوٹوگرافر کی سہولت فراہم کرنے کا فیصلہ

10 جنوری, 2024 10:57

 

سعودی عرب کے وزیر برائے حج وعمرہ ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے حج اور عمرہ زائرین کے لیے نئی سہولتیں متعارف کروانے کا اعلان کیا ہے۔

جدہ میں حج و عمرہ کانفرنس و نمائش کے دوران سعودی وزیرِ حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق نے زائرین کو مزید سہولتیں دینے سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ زائرین کو مکہ اورمدینہ میں نکاح کی سہولت فراہم کرسکتے ہیں۔

ایک مباحثے کے دوران ان کا کہنا تھا کہ ، ’بعض زائرین کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ مکہ یا مدینہ میں نکاح پڑھوائیں، خدمات فراہم کرنے والے ادارے یہ سہولت فراہم کر سکتے ہیں۔

سعودی وزیر کا اس حوالے سے مزید کہنا تھا کہ نکاح کے لیے نجی فوٹو گرافرکا بندوبست بھی کیا جاسکتا ہے۔

ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے حج اور عمرہ زائرین کیلئے سہولتوں کی فراہمی کے تحت انفرادیت کی حوصلہ افزائی کے لیے 2 ایوارڈز کا بھی اعلان کیا۔

منفرد خدمات کی حوصلہ افزائی کیلئے ترغیبات کو اہم قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ زائرین کو ’نسک اعمال‘ ایوارڈ دیا جائے گا،جس کے تحت سب سے اچھے منصوبے پر 10 لاکھ ریال، دوسرے بہترین منصوبے پر 5 لاکھ اور تیسرے منصوبے پر ڈھائی لاکھ ریال انعام دیا جائے گا۔

ڈاکٹر توفیق الربیعہ کا مزید کہنا تھا کہ سرمایہ کارمختلف حوالوں سے منفرد سہولتیں فراہم کرسکتے ہیں جیسے ٹورسٹ گائیڈز،طبی سہولتیں، موبائل فارمیسیز، بچوں کے لیے نرسریاں اور رہائش کی جگہ سے حرم تک ویل چیئر کی سہولت وغیرہ۔

سعودی وزیرِحج و عمرہ نے کہا کہ ، ’ضیوف الرحمن پروگرام کے نمایاں ترین اہداف میں حج اور عمرہ کی ادائیگی کے لیے آنے والوں کے سفر زیارت کو یادگاربنانا شامل ہے یہ پروگرام سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے وژن 2030 پروگراموں میں سے ایک ہے۔‘

یہ پڑھیں : سرکاری اسپانسر شپ حج اسکیم :21 ہزار کا کوٹہ واپس کرنے کا فیصلہ

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top