جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعرات 1446/03/16هـ (19-09-2024م)

حماس کے دو اہم کمانڈر اسماعیل سراج اور احد وہبی اسرائیلی فضائی حملے میں شہید

07 جنوری, 2024 15:11

غزہ: اسرائیلی فوج نے غزہ میں حماس کے دو اہم کمانڈر اسماعیل سراج اور احد وہبی کو فضائی حملے میں شہید کردیا ہے۔

اسرائیلی ڈیفنس فورس نے شمالی غزہ میں حماس کے کمانڈ اسٹرکچر کو تباہ کرنے کے ساتھ مجموعی طور پر حماس کے 8 ہزار جنگجو مارنے دعویٰ کر دیا ہے۔

اسرائیلی فوج نے خان یونس میں بھی حملے بڑھا دیے اور فلسطینی ہلال احمر کے اسپتال کے اطراف بھی شدید گولہ باری کی، اسپتال کے پاس کھڑے نہتے فلسطینی کو گولی مار کر شہید کر دیا گیا جبکہ ڈرون طیاروں سے بھی حملے کیے گئے۔

دوسری جانب صیہونی جارحیت کے خلاف حماس کے مزاحمت کاروں کی جوابی کارروائیاں بھی جاری ہیں، غزہ میں حماس کی کارروائی کے دوران فلسطینی مزاحمت کاروں کے ہاتھوں اسرائیلی فوج کے لیفٹیننٹ کرنل روئی یوچائی یوسف مارا گیا، اسرائیلی فوج نے فوجی افسر کی ہلاکت کی تصدیق کردی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: غزہ پر اسرائیل کےبے رحمانہ حملوں کو 90 دن مکمل، 22 ہزار سے زائد فلسطینی شہید

غزہ میں زمینی آپریشن شروع کرنے سے اب تک حماس کے مزاحمت کاروں کا نشانہ بن کر ہلاک ہونے والے اسرائیلی فوجیوں کی تعداد 510 ہوگئی ہے۔

خیال رہے کہ 7 اکتوبر سے اب تک اسرائیلی حملوں میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 22 ہزار 925 سے متجاوز ہو چکی ہے جبکہ 57 ہزار 910 سے زائد افراد زخمی ہو چکے ہیں۔

فلسطینی وزارت صحت کے مطابق شہید فلسطینیوں میں 9 ہزار 600 سے زائد بچے اور 6 ہزار 750 سے زائد خواتین شامل ہیں جبکہ زخمیوں میں بھی 8 ہزار 663 بچے اور 6 ہزار 327 سے زائد خواتین شامل ہیں۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top