جمعرات، 19-ستمبر،2024
جمعرات 1446/03/16هـ (19-09-2024م)

امریکہ اور حوثی مجاہدین کی کشیدگی ،ایرانی جنگی جہاز بحیرہ احمر میں داخل

02 جنوری, 2024 11:00

 

بحیرہ احمر میں امریکی افواج اور یمن میں حوثی مجاہدین کے درمیان کشیدگی بڑھنے پر ایران کا البرز جنگی جہاز آ بنائے باب المندب سے گزر کر بحیرہ احمر میں داخل ہو گیا ہے ۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق ایرانی بحریہ 2009 سےکھلے پانیوں میں جہاز رانی کی گزرگاہوں کو محفوظ بنانے، قزاقوں سے لڑنے اور دیگر کام انجام دینے کے لیے کام کر رہی ہے۔

خبر ایجنسی کے مطابق ایران نے البرز بحری جہاز کے مشن کی تفصیلات نہیں بتائیں، واضح رہے امریکا نے ایک روز قبل بحیرہ احمد میں حوثیوں کی کشتی تباہ کردی تھی۔

گزشتہ روز حوثی مجاہدین سے تعلق رکھنے والی 3 تیز رفتار کشتیاں، جو بحیرہ احمر میں اسرائیل سے منسلک بحری جہاز پر قبضہ کرنے کی کوشش کر رہی تھیں، امریکی ہیلی کاپٹروں کی فائرنگ کے نتیجے میں حوثی فورسز کے 10 افراد جان کی بازی ہار گئے تھے ۔

امریکی افواج نے اعلان کیا کہ انہوں نے اس عرصے کے دوران کئی بار یمن سے داغے گئے میزائل اور کامی کازی ڈرون کو مار گرایا ہے۔

تاہم امریکہ کے پانچویں بحری بیڑے نے کہا ہے کہ وہ ایرانی بحریہ کے بارے میں بات نہیں کر سکتا اور نہ ہی ایرانی جہاز کی نقل و حرکت کی غیر مصدقہ اطلاعات پر تبصرہ کر سکتا ہے ۔

یاد رہے کہ یمن کا حوثی گروپ اسرائیل اور حماس کے درمیان جاری جنگ میں، فلسطینی گروپ حماس سے اپنی حمایت کے اظہار کے لیے نومبر سے بحیرہ احمر میں بحری جہازوں کو اپنا نشانہ بنا رہا ہے۔

تاہم مجاہدین کی کارروائیوں کے بعد، بہت سی جہاز راں کمپنیوں نے بحیرہ احمر میں اپنے سفر کو روکنے کا فیصلہ کیا تھا۔

دوسری جانب تہران میں اعلیٰ حوثی عہدیدار کی ایرانی وزیرخارجہ حسین امیر عبداللہیان سے ملاقات ہوئی ہیں ۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق چیف مذاکرات کار محمد عبدالسلام نے حوثیوں اور سعودی عرب کے مذاکرات پر تبادلہ خیال کیا ،ایرانی وزیرخارجہ نے غزہ پر حوثیوں کے مضبوط مؤقف کا شکریہ ادا کیا۔

یہ پڑھیں :اسرائیل حماس جنگ ، بحیرہ احمر میں حوثی مجاہدین کے کامیاب حملوں سےعالمی تجارت کیسے متاثر ہوگی ؟  

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top