جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعرات 1446/03/16هـ (19-09-2024م)

انتخابی عمل کا آغاز،الیکشن کمیشن کی کاغذات نامزدگی کیلئے ہدایات جاری

19 دسمبر, 2023 11:35

 

اسلام آباد:ملک میں 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات 2024 کے سلسلے میں انتخابی عمل کا باقاعدہ آغاز آج سے ہو رہا ہے،اور الیکشن کمیشن نے کاغذات نامزدگی کے لیے ہدایات بھی جاری کر دیں۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ شیڈول کے مطابق کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی تاریخ 20 تا 22 دسمبر ہے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 24 تا 30 دسمبر ہوگی اور اعتراضات 3 جنوری تک دائر کیے جا سکیں گے جب کہ کاغذات نامزدگی کے خلاف اپیلیں 10 جنوری تک سنی جائیں گی۔

الیکشن کمیشن نے سیاسی جماعتوں کی توجہ الیکشن ایکٹ کے سیکشن 104 کی طرف مبذول کراتے ہوئے انہیں مشورہ دیا ہے کہ وہ خواتین اور غیرمسلموں کے لیے مخصوص نشستوں پر اپنے امیدواروں کی ترجیحی فہرستیں 22 دسمبر یا اس سے پہلے جمع کرائیں۔

رپورٹ کے مطابق امیدواروں کی نظر ثانی فہرست 11 جنوری 2024 کو جاری کی جائے گی، 13 جنوری کو امیدواروں کو انتخابی نشان الاٹ کیے جائیں گے جب کہ ملک بھر میں عام انتخابات 8 فروری 2024 کو ہوں گے۔

دوسری جانب قومی و صوبائی اسمبلیوں کا امیدوار بننے کے لیے بنیادی اہلیت کیا ہونی چاہیے؟ کون انتخابات میں حصہ لے سکتا ہے؟ اس حوالے سے الیکشن کمیشن آف پاکستان نے بتا دیا۔

الیکشن کمیشن کے مطابق رکنِ پارلیمنٹ بننے کے لیے امیدوار پاکستان کا شہری ہو، کاغذاتِ نامزدگی جمع کرانے کی آخری تاریخ تک امیدوار کی عمر 25 سال سے کم نہ ہو۔

قومی اسمبلی کی نشست کے لیے امیدوار پاکستان میں کسی بھی جگہ کا ووٹر ہو، صوبائی اسمبلی کی نشست کا امید وار متعلقہ صوبے کا رہائشی اور ووٹر ہو۔

قومی اسمبلی کی خواتین کی مخصوص نشستوں کے لیے امیدوار کا متعلقہ صوبے کا ووٹر ہونا لازم ہے،امیدوار کی اہلیت و نااہلیت کی تفصیلات آئین کے آرٹیکلز 62 اور 63 میں درج ہیں۔

 

 

 

واضح رہے کہ 2018 کے مقابلے میں 2024 کے عام انتخابات کے لیے 2 کروڑ 26 لاکھ 30 ہزار 351 ووٹرز کا اضافہ ہو گیا ہے، ملک میں ووٹرز کی تعداد 12 کروڑ 85 لاکھ 85 ہزار 760 ہوگئی ہے۔

 

یہ پڑھیں : سپریم کورٹ نے عام انتخابات میں تاخیر کرنے کے تمام دروازے بند کردیے

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top