جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعرات 1446/03/16هـ (19-09-2024م)

مسلم لیگ ن سے کوئی اتحاد نہیں ہوا، بات چیت کررہی ہے: عبدالعلیم خان

17 دسمبر, 2023 17:09

لاہور: عبدالعلیم خان کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن سے کوئی اتحاد نہیں ہوا ہے، مذاکراتی ٹیم بات چیت کررہی ہے، کسی کی قربانی دے کر اپنی سیٹیں نہیں بڑھائیں گے۔

صدر استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) عبدالعلیم خان کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ سندھ کی قیادت لوکل پارٹیز سے بھی بات چیت کررہی ہے، خیبرپختونخوا، بلوچستان کے دوست بھی بات چیت کررہے ہیں، مسلم لیگ ن سے کوئی اتحاد نہیں ہوا ہے، مذاکراتی ٹیم بات چیت کررہی ہے، کسی کی قربانی دے کر اپنی سیٹیں نہیں بڑھائیں گے۔

عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ اپنے حلقے میں واپس دوستوں سے رابطہ شروع کیا ہے، 2003 سے اس سحلقے سے الیکشن لڑتا آرہا ہوں، یہ حلقہ میرے لیے کوئی سیاسی حلقہ نہیں ہے، ایسا وقت بھی آیا جب میں نے اس حلقے سے الیکشن نہیں لڑا۔

ان کا کہنا تھا کہ 150 کے قریب فلٹریشن پلانٹ چلارہے ہیں، مہینے میں 2 سے 3 ہزار مریضوں کا علاج مفت ہورہا ہے، عوام کی خدمت الیکشن جیتنے کیلئے نہیں کررہے، یہ خدمت ووٹ کیلئے نہیں ہے، ہمیشہ سیاسی فائدے سے بالاتر ہوکر عوام کی خدمت کی۔

یہ بھی پڑھیں: ن لیگ اور جے یو آئی کا پنجاب میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ پر اصولی اتفاق

انہوں نے کہا کہ آج کل عوام کا سب سے بڑا مسئلہ بجلی کا بل ہے، اگر عوام نے منتخب کیا تو 300 یونٹ بجلی مفت دیں گے، لائٹیں اور 2 پنکھے چلانے کا بل 20 ہزار روپے آجاتا ہے، عوام بجلی استعمال کریں گے، بل حکومت ادا کرے گی۔

عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ جن کے پاس بڑی گاڑیاں ہیں وہ پیٹرول کے پیسے پورے دیں گے، موٹر سائیکل والوں کو پیٹرول آدھی قیمت پر ملے گا، ایسا نظام بنائیں گے امیر ٹیکس دے گا، غریب کو سہولت ملے گی، اسکول، مساجد اور گرجا گھروں میں واٹرفلٹریشن پلانٹ لگائیں گے۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top