جمعرات، 19-ستمبر،2024
جمعرات 1446/03/16هـ (19-09-2024م)

اسرائیلی آرمی کی ویب سائٹ کو فلسطینی حامی ہیکرز نے ہیک کرلیا

15 دسمبر, 2023 11:54

فلسطینی حامی گروپ نے اسرائیلی فوج اور پوسٹل کمپنی کی ویب سائٹ ہیک کرلی اور  اسرائیل کو دھمکی دی ہے کہ یہ تو صرف آغاز ہے۔

اسرائیلی میڈیا کے مطابق اسرائیل ڈیفنس فورس(آئی ڈی ایف) اور اسرائیل پوسٹل کمپنی کی ویب سائٹس کو فلسطین کے حامی ہیکرز نے مختصر مدت کیلئے ہیک کیا تھا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ویب سائٹ ہیک کرنے کے بعد ہیکرز کی جانب سے ایک پوسٹ لگائی گئی تھی،جس میں لکھا گیا کہ ’غزہ میں اسرائیلی فوج کی ناانصافی صرف آپ کو دہشتگردی، قتل اور جنگ کے ذریعے نقصان پہنچائے گی اور یہ نقصان زمینی، ہوائی یا الیکٹرانک طور پر ہوگا‘۔

 

پوسٹ میں ہیکرز گروپ نے فلسطین کی آزادی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ یہ صرف آپ کے گھناؤنے اقدامات، بربریت اور غزہ میں ہمارے مظلوم لوگوں کے قتل کا جواب ہے۔ یہ تو صرف آغاز ہے اور یہاں سے ہم آپ کو بتاتے ہیں کہ ہم صرف اپنی سرزمین فلسطین کی سمندر سے دریا تک کی آزادی کو ہی قبول کریں گے۔


پوسٹ میں مزید کہا گیا کہ اگر آپ کے ساتھ ہماری جنگ ہمیشہ کے لیے جاری رہے تو بھی آپ کو ہم سے قتل و غارت اور دہشت کے سوا کچھ نہیں ملے گا۔


میڈیا رپورٹس کہ مطابق ویب سائٹ پر حملہ کرنے والےگروہ یا فرد نے اشارہ کیا ہےکہ وہ اردنی نژاد ہیں ۔

پوسٹ میں یہ بھی کہا گیا کہ اردن میں آپ کے بھائیوں سے لے کر غزہ اور فلسطین کے ہمارے لوگوں تک، ہم دل اور عمل سے آپ کے ساتھ ہیں اور یہ ہمارا مقصد اور ہر آزاد مسلمان کا خواب ہے۔

دوسری جانب اسرائیلی فوج نے ویب سائٹ ہیک ہونےکی تصدیق بھی کی اور بتایا کہ ویب سائٹ کو آف لائن کرنے کے بعد اب دوبارہ بحال کردیا گیا ہے۔

واضح رہے7 اکتوبر سے جاری اسرائیل کی جانب سے نسل کشی میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 18ہزار 900 تک جا پہنچی ہے جبکہ زخمی فلسطینیوں کی تعداد 55 ہزار سے بھی بڑھ گئی ہے۔

یہ پڑھیں:غزہ میں اسرائیلی بمباری نہ رکی،بڑی تعداد میں فلسطینی شہید

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top