جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعرات 1446/03/16هـ (19-09-2024م)

ملک کو نئی طرزِ سیاست کی ضرورت ہے، پیپلز چارٹر آف اکانومی لائیں گے: بلاول

30 نومبر, 2023 16:34

کوئٹہ: بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ ملک میں نئی پیپلز چارٹر آف ڈیموکریسی کی ضرورت ہے، لوگ بات کرتے ہیں چارٹر آف اکانومی کی ضرورت ہے، پیپلزپارٹی عوام کو پیپلزچارٹر آف اکانومی دلائے گی۔

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کوئٹہ میں کا جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ قائد عوام نے نیا طرز سیاست متعارف کرایا، قائد عوام نے سیاست کو ڈرائنگ روم سے نکالا، قائد عوام نے عوامی سیاست شروع کی، ایسی سیاست جہاں غریبوں کو عزت دی گئی، قائد عوام کی سیاست انقلابی تھی، ذوالفقار علی بھٹو نے پاکستان کو آئین دیا۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ بطور وزیرخارجہ قائد عوام نے دنیا کو پاکستان کا اصل چہرہ دکھایا، غریبوں کو عزت دی، مزدوروں ، کسانوں کو حق دلوایا، قائد عوام نے نفرت اور تقسیم کی سیاست کو دفن کیا، شہید بی بی 2 آمروں سے ٹکرائیں اور مقابلہ کیا، ضیاء دور میں اسلام کے نام پر خواتین کے حقوق سلب کیے گئے، ضیاءالحق نے پاکستان کے نوجوانوں سے ووٹ کا حق چھینا، ضیاءالحق نے نفرت، تقسیم اور انتقام کی سیاست کی۔

ان کا کہنا تھا کہ شہید بینظیر بھٹو نے نیا طرز سیاست شروع کیا، بینظیر بھٹو جمہوریت ہمارا انتقام کا نعرہ لگا کر سیاست کرتی رہیں، بینظیر چاہتی تو نفرت کی سیاست کرنے والوں کو پھانسی چڑھا سکتی تھیں، بینظیر کہتی تھیں میں نے اپنے عوام کی خدمت کرنی ہے، بینظیر کہتی تھیں میں نے غریب مزدوروں، کسانوں کی خدمت کرنی ہے، ایک خاتون ہوتے ہوئے بھی بینظیر بھٹو پیچھے نہیں ہٹیں، بینظیر بھٹو اپنے اصولوں پر کھڑی رہیں اور شہادت قبول کی۔

انہوں نے کہا کہ آصف زرداری بھی چاہتے تو کہتے جس نے میری زبان کاٹی اسے جیل میں ڈالیں، آصف زرداری نے نفرت، تقسیم، انتقام اور انا کی سیاست کو دفن کیا، آصف زرداری نے پورا ملک ساتھ ملاکر عوام کی خدمت کی، آصف زرداری نے 73 کے آئین کو 18 ویں ترمیم کی صورت میں بحال کیا، آصف زرداری نے این ایف سی ایوارڈ بحال کیا، سی پیک کی بنیاد رکھی، گیس پائپ لائن کی بنیاد رکھی، بینظیر انکم سپورٹ پروگرام شروع کیا، آصف زرداری کے ایک سال میں پاکستان گندم ، چاول ایکسپورٹ کررہا تھا، آصف زرداری نے غریب کسان کی جیبوں میں پیسہ ڈالا۔

یہ بھی پڑھیں: مسلم لیگ (ن) اور پی ٹی آئی انتقامی سیاست کررہی ہے: بلاول بھٹو

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ آج ایک بار پھر پاکستان کو ایک نئی سوچ کی ضرورت ہے، ملک کے نوجوانوں کو پرانا طرز سیاست دفن کرنا پڑے گا، پاکستان کو نئی طرزِ سیاست کی ضرورت ہے، عوام کی نمائندگی کوئی کھلاڑی نہیں میں کروں گا، ہمیں عوام کے دکھ درد کا احساس ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک میں نئی پیپلزچارٹر آف ڈیموکریسی کی ضرورت ہے، لوگ بات کرتے ہیں چارٹر آف اکانومی کی ضرورت ہے، پیپلزپارٹی عوام کو پیپلزچارٹر آف اکانومی دلائے گی، پیپلزپارٹی عام انتخابات میں کامیابی حاصل کرے گی۔

چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ موقع ملا تو بی آئی ایس پی کی رقم میں اضافہ کریں گے، نوجوانوں کےلیے یوتھ کارڈ متعارف کرائیں گے، یوتھ کارڈ سے نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کریں گے، ڈگری کے باوجود نوکری نہ ہونا سب سے مشکل وقت ہوتا ہے، نوجوان ڈگریاں ہاتھ میں لیے نوکریوں کیلئے دھکے کھارہے ہیں، نوجوانوں کیلئے ضلع کی سطح پر مراکز بنائیں گے، پاکستان کو ایسا ملک بنائیں گے جہاں ہر طبقہ ترقی کرسکے، ایسا ملک بنائیں گے جہاں نوجوانوں کیلئے تمام سہولتیں ہوں۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ کوئٹہ میں مفت علاج کیلئے سب سے بڑا اسپتال بنائیں گے، جیالا بلوچستان کا وزیراعلیٰ بنے گا، ن لیگ ملک میں مسلم لیگ نہیں مہنگائی لیگ سے پکاری جارہی ہے، مہنگائی کا مقابلہ کرنا ہے تو ہمت زرداری جیسی ہونی چاہیے۔

 

ہم نے بلاول کی سپورٹ اور تربیت کرنی ہے: آصف زرداری

 

اس کے علاوہ سابق صدر آصف علی زرداری کا جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ بلوچستان پاکستان کا دل ہے، اسلام آباد کو یہ نظر نہیں آتا، بلوچستان کا دل جیتنا بہت ضروری ہے، بلوچستان میں غم اور دکھ ہے جس پر مرہم رکھنا ہے، پیپلزپارٹی نے بلوچستان والوں کو اپنی ہر چیز کا مالک بنانا ہے۔

آصف زرداری کا کہنا تھا کہ میں نے بلوچستان والوں کو پانی پہنچانا ہے، ہر چیز جو بلوچستان میں ہے وہ آپ کی ہے اور کسی کی نہیں، پاکستان کو بنانا ہے بلوچستان مضبوط کرنا ہے ہمارے پاس فارمولے ہیں، ہم نے بلوچستان کے زمینداروں ، کسانوں، مزدوروں کی ہمیشہ خدمت کی۔

ان کا کہنا تھا کہ میرے بیٹے نے الحمد اللہ پہلا نوجوان وزیر خارجہ بن کر ملک کی عزت بلند کی، ہم نے بلاول کی سپورٹ اور تربیت کرنی ہے۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top