جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعرات 1446/03/16هـ (19-09-2024م)

عام انتخابات کا فیصلہ: چیف جسٹس کی اٹارنی جنرل کو میٹنگ منٹس پر صدر کے دستخط لینے کی ہدایت

03 نومبر, 2023 12:33

 

اسلام آباد: چیف جسٹس پاکستان نے عام انتخابات سے متعلق فیصلے پر اٹارنی جنرل کو میٹنگ منٹس پر صدر کے دستخط لینے کی ہدایت کردی۔

سپریم کورٹ میں چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں جسٹس امین الدین اور جسٹس اطہر من اللہ پر مشتمل تین رکنی بینچ عام انتخابات 90 دن میں کرانے کیلئے دائر درخواستوں پر سماعت کررہا ہے۔

سماعت کے آغاز پر اٹارنی جنرل نے صدر سے الیکشن کمیشن حکام کی ملاقات کے منٹس پیش کیے جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ میٹنگ منٹس پڑھیں۔

اٹارنی جنرل نے میٹنگ منٹس پڑھتے ہوئے بتایا کہ چیف الیکشن کمشنر اور چاروں ممبران کی منظوری سے میٹنگ منٹس منظور ہوئے، صدرمملکت سے چیف الیکشن کمشنر سمیت الیکشن کمیشن کے دیگر ممبران ملے۔

چیف جسٹس نے سوال کیا کہ صدرمملکت کے دستخط کہاں ہیں؟ اس پر اٹارنی جنرل نے بتایا کہ صدر مملکت کی جانب سے پریس ریلیز جاری کی گئی تھی، صدرمملکت سے چیف الیکشن کمشنر سمیت الیکشن کمیشن کے دیگر ممبران ملے۔

چیف جسٹس نے کہا کہ صدرکے دستخط کرواکر لائیں تو پیغام بھیج دیجیے گا، ہم نہیں چاہتے کہ کسی بھی قسم کا ذرا سا بھی شائبہ ہو، عدالت کے سامنے ایوان صدر سے کچھ بھی نہیں ہے، الیکشن کمیشن اور حکومت کی جانب سے تو آپ نے بتادیا، ہم کوئی گرے ایریا نہیں چھوڑنا چاہتے۔

چیف جسٹس نے مزید کہا کہ صدر مملکت کی جانب سے آفیشلی تصدیق ہونی چاہیے، اس معاملے پر کسی قسم کا ابہام نہیں ہونا چاہیے، کل کوئی فریق آکریہ نہ کہہ دے کہ مشاورتی عمل میں میں شامل نہیں تھا، اگر کوئی ایوان صدرسے آنا چاہتا ہے تو ہم اسے خوش آمدید کہیں گے۔

اس حکم کے بعد عدالت نے کیس کی سماعت میں وقفہ کر دیا۔

یہ پڑھیں : عام انتخابات 8 فروری 2024کو ہوں گے، صدر مملکت اور الیکشن کمیشن میں اتفاق

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top