جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعرات 1446/03/16هـ (19-09-2024م)

ملک بھر سے غیر قانونی مقیم افراد کا انخلاجاری ، ہیلپ لائن کا آغاز

02 نومبر, 2023 13:43

 

کراچی سمیت ملک بھر سے غیر قانونی مقیم افراد کے انخلا کا سلسلہ جاری ہے،غیر قانونی تارکین وطن کو منتقل کرنے کیلئے بسیں ہولڈنگ کیمپ پہنچا دی گئیں ہیں،ہولڈنگ کیمپس میں مہاجرین کیلئے تمام سہولیات مہیا کی گئی ہیں۔

ایس ایس پی ایسٹ کراچی عرفان بہادر نے بتایا کہ غیرقانونی طور پر مقیم غیرملکی باشندوں کیخلاف سا ئٹ سپر ہائی وے احسن آباد یثرب گوٹھ کے مقام پر پولیس سرچ آپریشن کیا گیا ،آپریشن کے دوران 50 سے زائد مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا ۔

کمشنر کراچی اور ڈی سی کیماڑی نے بھی رات گئے ہولڈنگ کیمپ کا دورا کیا ، ہولڈنگ کیمپ میں موجود تارکین وطن کی ویری فکیشن کا عمل جاری ہے۔

حکام کے مطابق پہلے مرحلے میں 100سے زائد تارکین وطن کو صبح افغانستان کیلئے روانہ کیا جائے گا، جس کے بعد ان کوبسوں کے ذریعے چمن بارڈر سے افغانستان حکام کے حوالے کیا جائے گا۔

غیر قانونی تارکین وطن کے خلاف کریک ڈاؤن سے متعلق کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چٹھہ نے بتایاہے کہ افغانیوں کو بسوں میں پولیس کے ہمراہ تورخم بارڈر سے بھیجا جائے گا ۔

لیاقت علی چٹھہ نے کہا کہ غیر قانونی طور پر مقیم 179 غیر ملکی شہریوں کو گرفتار کرلیا گیا ہے اس کے علاوہ تمام افراد کا ڈیٹا بھی چیک کیا جائے گااورقانونی طور پر مقیم افراد کو رہا کر دیا جائے گا۔

خیبرپختونخوا سے بھی طورخم سرحد اور انگور اڈا کے راستے غیرقانونی افراد کا انخلا جاری ہے،6اکتوبر سے 2 نومبرتک ایک لاکھ 29ہزار218 غیرقانونی خاندان وطن واپس چلے گئے ہیں۔

دستاویز کے مطابق خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں ابتک 51 ہزار 44 غیر ملکیوں کی شناخت ہوئی ہے ،غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں میں 24 ہزار سے زائد مرد و خواتین ، 25 ہزار سے زائد بچے شامل ہیں۔

دستاویز کے مطابق نوشہرہ میں غیر قانونی رہائش پذیر غیر ملکیوں کی تعداد 7 ہزار 185 ہے ، خیبر میں 5 ہزار 173،مانسہرہ میں 2ہزار700 غیر ملکی مقیم ہےہری پور میں 2ہزار500، مردان میں 1900، کوہاٹ میں 1500غیرملکی مقیم ہے۔

دوسرے جانب حکومت نےغیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کی اسکیننگ کے لیے ہیلپ لائن کا اجرا بھی کردیا ہے جس کے ذریعے عوام غیر قانونی غیر ملکیوں کی نشاندہی کرنے میں حکومت پاکستان سے تعاون کرسکتی ہے۔

عوام غیر قانونی مقیم شخص کی شکایت درج کرانے کیلئےہیلپ لائن1700 پر رابطہ  کرسکتی ہے۔

جہاں غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کو واپس بھیجنے کےلیے اقدام کیے جارہے ہیں وہی ان اقدام کیخلاف اعتراضی درخواستیں بھی لاہور ہائی کورٹ میں دائر کی گئی تھی جس کو عدالت نےناقابل سماعت قرار دیا ہے۔

واضح رہےحکومت پاکستان کی جانب سے ملک میں غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کو 31 اکتوبر 2023 تک ملک واپس جانے کی ڈیڈلائن دی گئی تھی۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستان میں غیر قانونی مقیم افغان باشندوں کا انخلا شروع

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top