جمعرات، 19-ستمبر،2024
جمعرات 1446/03/16هـ (19-09-2024م)

غزہ میں اسرائیلی بمباری سے شہید فلسطینیوں کی تعداد 4 ہزار سے زائد ہوگئی

22 اکتوبر, 2023 14:00

غزہ: اسرائیل کے غزہ پر بمباری کا سلسلہ جاری ہے، غزہ میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 4 ہزار 385 ہوگئی ہے۔

فلسطینی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ اسرائیلی حملوں سے متاثرہ ہونے والے افراد میں 70 فیصد بچے، خواتین اور بزرگ شامل ہیں۔

فلسطینی وزارت صحت کے مطابق غزہ کے فلسطینی شہدا میں 1756 بچے اور 976 خواتین شامل ہیں، اسرائیلی بمباری سے 13 ہزار 651 فلسطینی زخمی ہیں۔

عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ غزہ میں اب تک 21 صحافی بھی شہید ہوئے ہیں، ترک میڈیا کے مطابق غزہ میں دو ہفتوں کے دوران 2014 کی 50 روزہ اسرائیل فلسطین جنگ میں ہونے والی اموات سے 84 فیصد زیادہ اموات ہوچکی ہیں۔

غزہ میں فلسطینی حکام کے مطابق اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں بے گھر افراد کی تعداد 14 لاکھ سے بڑھ گئی ہے، غزہ میں بے گھر افراد کی نصف تعداد نے217 عارضی پناہ گاہوں میں پناہ لی ہوئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: 12 سالہ کمسن فلسطینی یوٹیوبربھی اسرائیلی حملے میں شہید

ادھر مصر کی رفح کراسنگ سے امدادی ٹرک غزہ کے جنوبی علاقے میں پہنچ گئے، اقوام متحدہ کے ادارہ عالمی خوراک نے 20 امدادی ٹرکوں کو ناکافی قرار دیا ہے۔

ورلڈ فوڈ پروگرام کا کہنا ہے کہ غزہ میں کھانا، پانی، بجلی اور ایندھن نہیں ہے، غزہ کی تشویش ناک صورتحال میں مزید فوری امداد درکار ہے۔

فلسطینی وزارت صحت نے امداد میں ایندھن شامل نہ ہونے کو بیماروں اور زخمیوں کی جانوں کے لیے خطرہ قرار دیا ہے اور عالمی برادری اور مصر سے غزہ امداد میں ایندھن بھی شامل کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

فلسطینی حکام کا کہنا ہےکہ 20 امدادی ٹرک غزہ میں یومیہ درکار انسانی امداد کا صرف تین فیصد ہے، امداد میں ایندھن شامل نہ کرنے سے بیماروں اور زخمیوں کی جانیں خطرے میں پڑجائیں گی، عالمی برادری اور مصر ایندھن کی فراہمی کے لیے بھی کام کریں۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top