جمعرات، 19-ستمبر،2024
جمعرات 1446/03/16هـ (19-09-2024م)

اسرائیل نے اسپتال کےبعد عبادت گاہوں پر بم برسادئیے ، شہداء کی تعداد 4500 سے تجاوز کرگئی

21 اکتوبر, 2023 12:12

اسرائیل نے شہری آبادیوں، اسپتالوں کے بعدعبادت گاہوں کو بھی نہ بخشا،غزہ کے قدیم ترین گرجا گھر پر بھی بمباری کردی، حملے کے نتیجے میں چرچ میں پناہ لینے والے 10 فلسطینی شہید ہوگئے۔

غزہ میں جاری اسرائیلی بربریت سے 15 سو سے زائد بچوں سمیت شہدا کی مجموعی تعداد4500 سے تجاوز کر گئی جبکہ اب تک تقریباً 14 ہزار شہری زخمی ہو چکےہیں۔

غزہ پٹی پر اسرائیلی بمباری میں 30 فیصد سے زیادہ مکانات تباہ ہوچکے، اسرائیلی سفاکیت کے نتیجے میں بے گھر ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد بھی 10 لاکھ تک پہنچ گئی ہے۔

اسرائیل افواج کی جانب سے شیبا فارمز سے متصل جنوبی لبنان پر بھی گولہ باری کی گئی جبکہ امریکی صدر اور برطانوی وزیراعظم کی حمایت ملنے کے بعد کسی بھی وقت غزہ پر اسرائیلی فوج کے زمینی حملے کا بھی امکان پیدا ہو گیا ہے۔

حماس کے رہنما اسماعیل ہنیہ نے خبردارکیا ہےکہ اسرائیلی جارحیت کے سبب تنازعہ علاقائی جنگ میں تبدیل ہوسکتا ہےاوراس صورت میں یہ اسرائیل اور اس کے حامیوں کے قابو سے باہر ہوجائے گا۔

دوسری جانب مصر سے غزہ کی رفاح کراسنگ جمعے کو بھی نہ کھل سکی، غزہ میں محصور فلسطینی امداد کے منتظر ہی رہ گئے، امدادی ٹرکوں کو غزہ میں داخلے کی اجازت نہ مل سکی۔

ادھر غزہ کے اسپتالوں میں بجلی غائب ہے جبکہ ایندھن ختم ہونے پر جنریٹر بھی بند ہوگئے، اسپتالوں کا عملہ موبائل فون کی ٹارچ کی روشنی میں آپریشن کرنے پر مجبور ہوگیا۔

 یہ پڑھیں : نگراں وزیر اعظم کا فلسطینی صدر محمود عباس سے ٹیلی فونک رابطہ

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top