جمعرات، 19-ستمبر،2024
جمعرات 1446/03/16هـ (19-09-2024م)

غزہ پر اسرائیلی بمباری کا سلسلہ جاری، شہید فلسطینیوں کی تعداد تین ہزار ہوگئی

15 اکتوبر, 2023 12:21

اسرائیل کی جانب سے غزہ پر بربریت جاری ہے اور اب تک اسرائیلی بمباری میں تقریباً تین ہزار فلسطینی شہید ہوگئے ہیں۔

اسرائیل کی جانب سے غزہ پر حملوں کا 8 واں روز ہے اور اسرائیلی طیاروں کی غزہ کی پٹی پر وحشیانہ بمباری جاری ہے، اسرائیل ہزاروں ٹن بارود غزہ پر گراچکا ہے اور سیکڑوں گھر تباہ ہوچکے ہیں۔

فلسطینی وزارت صحت کے مطابق غزہ پر اسرائیلی بمباری میں شہید فلسطینیوں کی تعداد تقریباً تین ہزار ہوگئی جبکہ زخمی فلسطینیوں کی تعداد 9 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: اسرائیل کا شامی شہر حلب پر حملہ، ائیرپورٹ کا رن وے دوبارہ تباہ کردیا

اسرائیلی بمباری میں شہید اور زخمیوں سے غزہ کے اسپتال بھر گئے ہیں اور شہدا کی لاشیں اسپتال کے صحن میں رکھی گئی ہیں۔

اُدھر اسرائیلی افواج نے غزہ سے نقل مکانی کرنے والے قافلوں کو بھی نشانہ بنایا ہے جس کے نتیجے میں 70 افراد شہید ہوگئے ہیں۔

دوسری جانب اسرائیل کی غزہ پر بمباری کے بعد 4 لاکھ فلسطینیوں نے اپنا گھر چھوڑ دیا، اسرائیل کی غزہ چھوڑنے کی دھمکی کے بعد فلسطینیوں کو صبح 10 سے شام 4 بجے تک غزہ کے جنوب میں دو مرکزی شاہراہوں پر محفوظ نقل و حرکت کی اجازت ہے۔

دوسری جانب لبنانی سرحد پر بھی اسرائیلی فوج کی گولہ باری اور فائرنگ سے ایک صحافی جاں بحق جبکہ 6 زخمی ہوگئے۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top