جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعرات 1446/03/16هـ (19-09-2024م)

سری لنکا کو تاریخی شکست: پاکستان نے ورلڈکپ میں تاریخ رقم کر دی

11 اکتوبر, 2023 11:14

حیدر آباد ، انڈیا : آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ کے آٹھویں میچ میں پاکستان نے سری لنکا کے خلاف ورلڈکپ کی تاریخ میں سب سے بڑا ہدف کا تعاقب مکمل کر کے تاریخ رقم کر دی۔

پاکستان نے سری لنکا کا 345 رنز کا ہدف 4 وکٹوں کےنقصان پر 49 ویں اوور میں پورا کیا، عبداللہ شفیق نے 113 رنز بنائے جبکہ محمد رضوان 131 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

سری لنکا کے خلاف345 رنز کے ہدف کا کامیابی سے تعاقب ورلڈکپ کی تاریخ میں کسی بھی ٹیم کی جانب سے سب سے بڑا رن چیز ہے۔

اس سے قبل 2011 کے ورلڈکپ میں آئرلینڈ نے انگلینڈ کے خلاف 329 رنز کا ہدف کامیابی سے حاصل کیا تھا،پاکستان نے ورلڈکپ میں پہلی بار 263 رنز سے بڑا ہدف کامیابی سے حاصل کیا۔

سری لنکا کے خلاف 345 رنز کا ہدف حاصل کرنے سے قبل 1992 کے ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کے خلاف 263 کا ہدف عبور کیا تھا۔

واضح رہے کہ منگل کو ورلڈکپ کا آٹھواں میچ راجیو گاندھی انٹرنیشنل اسٹیڈیم حیدرآباد میں کھیلا گیا جہاں لنکن کپتان داسن شناکا نے کپتان بابر اعظم کو فیلڈنگ کی دعوت دی۔

سری لنکا نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 344 رنز بنائے، کوشال مینڈس 122 اور سمارا وکرما 108 رنز بناکر نمایاں رہے۔

ورلڈ کپ کے میچ میں پاکستان کے خلاف یہ کسی بھی ٹیم کا سب سے بڑا اسکور ہے، اس سے قبل پاکستان کے خلاف ورلڈکپ میں سب سے بڑا اسکور 336 رنز تھا جو بھارت نے 2019 میں بنایا تھا۔

سری لنکا کے 345 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کا آغاز بالکل اچھا نہ تھا، اوپنر امام الحق 12 اور کپتان بابر اعظم صرف 10 رنز بناکر ٹیم کا ساتھ چھوڑ گئے۔

37 کے مجموعی اسکور پر 2 وکٹیں گرنے کے بعد نوجوان بیٹر عبداللہ شفیق اور وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان نے ذمہ درانہ بیٹنگ کی اور ٹیم کو سنبھالا۔

دونوں بیٹرز نے گراؤنڈ کے چاروں اطراف دلکش شاٹس لگائے، پہلے عبداللہ شفیق نے شاندار سنچری اسکور کی جس کے بعد محمد رضوان نے بھی ان کے نقش قدم پر چلتے ہوئے سنچری بنائی۔دونوں بیٹرز کے درمیان 176 رنز کی شراکت داری بھی قائم ہوئی۔

تاہم عبد اللہ شفیق 103 گیندوں پر 113 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے، ان کی اننگز میں 10 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے۔

عبداللہ شفیق ورلڈکپ ڈیبیو میچ میں سنچری کرنے والے پہلے پاکستانی بیٹر بنے۔

عبداللہ شفیق آج اپنا ورلڈکپ میں پہلا میچ کھیل رہے تھے، وہ ورلڈکپ ڈیبیو میں سنچری کرنے والے پہلے پاکستانی بیٹر ہیں۔اس کےعلاوہ سعود شکیل 31 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

دوسری جانب سے محمد رضوان 121 گیندوں پر 131 رنز بنا کرناٹ آؤٹ رہے اور ٹیم کو ریکارڈ ساز جیت دلوادی۔ اس کے علاوہ افتخار احمد 22 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔

وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کو شاندار بیٹنگ کرنے پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔

پاکستان اور سری لنکا کی کرکٹ ٹیمیں ون ڈے ورلڈکپ میں 8 بار مدمقابل آئیں اور ہر بار گرین شرٹس نے سری لنکا کو شکست دی۔

سری لنکا کے خلاف پاکستان کا ورلڈکپ میں کامیابی کا اسکور 0-8 ہوگیا ہے۔

آئی سی سی ورلڈکپ کے پوائنٹس ٹیبل پر نظر ڈالیں تو نیوزی لینڈ پہلے، پاکستان دوسرے اور جنوبی افریقا تیسرے نمبر پر موجود ہے۔

 یہ پڑھیں : بابر اعظم کو دیکھ کر ایسا لگتا ہے جیسے کوئی خزانہ نکل آیا ہو: رمیز راجا 

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top