جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعہ 1446/03/17هـ (20-09-2024م)

کسی گروہ سے بات نہیں کی جائیگی، دہشتگردوں کے پاس سر تسلیم کرنے کے علاوہ اور کوئی راستہ نہیں: آرمی چیف

07 اگست, 2023 19:48

پشاور: آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کا کہنا ہے کہ کسی بھی دہشت گرد گروہ یا جتھے سے بات نہیں کی جائے گی، دہشت گردوں کے پاس ریاست کے سامنے سر تسلیم کرنے کے علاوہ اور کوئی راستہ نہیں ہے۔

تاریخی گرینڈ جرگے میں چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر نے خصوصی طور پر شرکت کی، آرمی چیف نے خیبر پختونخوا کے مشران، عمائدین اور نمائندوں کے گرینڈ جرگے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فوج اور سیکیورٹی کے تمام ادارے اور پاکستان کے عوام ایک ہیں، جو لوگ امن کو برباد کرنا چاہتے ہیں وہ ہم میں سے نہیں ہیں، پاکستانی فوج شہدا کی فوج ہے جس کا نعرہ ہے ایمان، تقویٰ اور جہاد فی سبیل اللہ، ہم آپ میں سے ہیں اور آپ ہم میں سے ہیں۔

جنرل سید عاصم منیر کا کہنا تھا کہ پاکستان کلمے کی بنیاد پر بننے والی دوسری ریاست ہے، مذاکرات ہوئے تو وہ صرف پاکستان اور افغان عبوری حکومت کے درمیان ہونگے، کسی بھی دہشت گرد گروہ یا جتھے سے بات نہیں کی جائے گی، اسلام سلامتی اور امن کا دین ہے، جنہوں نے اس دین کو دہشتگردی کی بھینٹ چڑھایا، انکو جواب دینا ہوگا، افغان مہاجرین کو پاکستان میں پاکستان کے قوانین کے مطابق رہنا ہوگا۔

ان کا کنا تھا کہ کیا احسان کا بدلہ احسان کے علاوہ کچھ اور بھی ہو سکتا ہے؟، پاکستان کے آئین میں حاکمیت صرف اللّٰہ کی ہے، یہ خوارج کون سی شریعت لانا چاہتے ہیں؟، پاکستان کی بہادر فوج دہشتگردی کیخلاف جنگ میں خون کے آخری قطرے تک لڑے گی، دہشت گردوں کے پاس ریاست کے سامنے سر تسلیم کرنے کے علاوہ اور کوئی راستہ نہیں، ہم اللہ کے راستے میں جہاد کر رہے ہیں اور کامیابی ہماری ہی ہو گی انشا اللہ، پاک فوج کا مقصد اور نصب العین شہید یا غازی ہے، کے پی پولیس ایک شاندار فورس ہے اور اس کی بے پناہ قربانیاں ہیں۔

آرمی چیف کا کہنا تھا کہ حکومت کی منظوری کے بعد قبائل کے انضمام کے مسائل کے حل کیلئے سیکریٹریٹ قائم کیا جائے گا، ضم شدہ قبائلی عوام کی معاشی ترقی کیلئے ترقیاتی منصوبوں میں انکی شرکت یقینی بنائیں گے، کے پی حکومت کیساتھ مل کر نئے ضم شدہ اضلاع میں 180 ارب کے منصوبے شروع کیے جائیں گے، ضم شدہ اضلاع میں پولیس کے 43 منصوبوں کو 7 ارب کی لاگت سے مکمل کیا جائے گا۔ 54 زیر تعمیر منصوبوں کے جلد مکمل ہونے میں تمام تر مدد فراہم کی جائے گی۔

دوسری جانب قبائلی مشران کا کہنا تھا کہ قبائلی عوام پاک فوج کے ساتھ تھی اور ساتھ رہے گی۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top