جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعہ 1446/03/17هـ (20-09-2024م)

آئی ایم ایف سے جولائی میں پہلی قسط 1.1 ارب ڈالر کی ہوگی: وزیراعظم

03 جولائی, 2023 17:13

اسلام آباد: شہباز شریف کا کہنا ہے کہ بے پناہ کاوشوں کے بعد آئی ایم ایف کی ڈیل منطقی انجام کو پہنچی، آئی ایم ایف سے جولائی میں پہلی قسط 1.1 ارب ڈالر کی ہوگی۔

وزیراعظم شہباز شریف کا وفاقی کابینہ کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہنا تھا کہ سویڈن میں قرآن کریم کی بے حرمتی کے واقعے کی مذمت کرتے ہیں، ملوث عناصر کیخلاف بھرپور کارروائی ہونی چاہیے، یہ پہلا واقعہ نہیں، اس سے قبل بھی ایسے دلخراش واقعات ہوچکے ہیں، اس افسوسناک واقعے کا نوٹس لیا جائے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ او آئی سی نے ہنگامی اجلاس بلاکر واقعے کی بھرپور مذمت کی، سویڈن میں اسلاموفوبیا، نفرت کا بیانیہ بنایا گیا ہے، امید کی جانی چاہئے آئندہ اس طرح کا واقعہ نہیں ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: عوام کو مہنگائی سے نجات دلائیں گے، وزیراعظم کی اسٹاک مارکیٹ میں اضافے پر قوم کو مبارکباد

ان کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ 9 ماہ کا اسٹینڈ بائی معاہدہ ہوا ہے، آئی ایم ایف کے ساتھ 3 ارب ڈالر کا معاہدہ ہوا ہے، آئی ایم ایف معاہدے پر تمام وزارتوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، بے پناہ کاوشوں کے بعد آئی ایم ایف کی ڈیل منطقی انجام کو پہنچی، آئی ایم ایف سے جولائی میں پہلی قسط 1.1 ارب ڈالر کی ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ ڈیل ہونے سے کئی ماہ پہلے چین نے ہماری مدد کی، ماضی میں بھی چین نے ہماری بے پناہ مدد کی ہے، چین کی طرف سے 5 ارب ڈالر کا قرض اور رول اوور دیا گیا، اگر چین سے یہ مدد نہ ملتی تو معاملہ کچھ اور ہوتا، سعودی عرب نے 2 ارب ڈالرکے رول اوور کا وعدہ کیا ہے، یو اے ای کے صدر نے کہا 1 ارب ڈالر حاضر ہیں، پیرس میں اسلامی ترقیاتی بینک نے 1 ارب ڈالر کا وعدہ کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ سعودی عرب سے 2 ارب ڈالر لانے میں سپہ سالار کا کلیدی کردار ہے، یو اے ای سے 1 ارب ڈالر لانے میں سپہ سالار کا کلیدی کردار ہے۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top