جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعہ 1446/03/17هـ (20-09-2024م)

عمران خان صرف مصنوعی وزیراعظم تھے، وہ احسان فراموش ہیں: شرجیل میمن

21 مئی, 2023 14:37

کراچی: شرجیل میمن کا کہنا ہے کہ عمران خان نے احسان فراموشی کے تمام ریکارڈ توڑ دیئے، عمران خان اقتدار میں صرف مصنوعی وزیراعظم تھے۔

وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن کا نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ بلاول بھٹو کا ہر ملک کا دورہ کامیاب رہا، پاکستان کا کیس بہادری سے لڑا، کشمیر کے معاملے پر سمجھوتہ نہیں کریں گے، بلاول بھٹو کشمیر میں جلسہ عام سے خطاب بھی کریں گے، کئی ممالک بھارت کے جی 20 کانفرنس میں شرکت نہیں کررہے۔

شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ عمران خان حکومت نے کشمیر کے معاملے پر غلطیاں کیں، عمران حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے کشمیر کو نقصان پہنچا، عمران خان نے مودی کی جیت کیلئے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا، آج بھی پاکستان کے کاز کو عمران خان نقصان پہنچارہا ہے، کل عمران خان نے غیر ملکی جریدے کو انٹرویو دیا ہے، سمجھ نہیں آتی عمران خان اپنے لئے کس حد تک گرسکتا ہے، کل عمران خان نے پھر نفرت کی نئی آگ بھڑکانے کی کوشش کی، کل عمران خان نے پھر کہا ہمارے ادارے کے سربراہ نے مجھے ہٹایا۔

انہوں نے کہا کہ نریندر مودی کی حکومت کشمیریوں پر مظالم ڈھارہی ہے، عمران خان اور اس کے شرپسند حمایتی پاکستان کو نقصان پہنچارہے ہیں، عمران خان اور اس کے حواری سرکاری اداروں پر حملے کررہے ہیں، لیڈر وہ ہوتا ہے جو اپنی سوچ سے قوم کو آگے لے کرجائے، عمران خان اقتدار کے لالچ میں قوم کو روز کوئی نیا جھانسہ دیتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان نوجوانوں کو ورغلا کر بغاوت پر اکسارہا ہے : شرجیل میمن

ان کا کہنا تھا کہ سائفر پر عمران خان نے پوری قوم کو ٹرک کی بتی کے پیچھے لگایا، عمران خان ایک سال سے اداروں کیخلاف پروپیگنڈا کررہا ہے، عمران خان نے اداروں کو عوام سے لڑانے کی کوشش کی، عمران نے عوام کے ذہنوں میں نفرت کی آگ لگائی، عمران خان نے قوم کے نوجوانوں کو گمراہ کیا، اپنے اقتدار کی ہوس، لالچ کیلئے قوم کو ہر بار نیا لقمہ دیا جاتا رہا۔

شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ امریکی سازش کا جھوٹ بول کر قوم کو گمراہ کیا، عمران نے عوام کے ذہن میں یہ ڈالنے کی کوشش کی مجھے امریکا نے ہٹایا، امریکا میں کہا جارہا ہے کہ مجھے پاکستان کے اداروں نے ہٹایا، عمران خان کو آئینی طریقے سے عدم اعتماد کے ذریعے ہٹایا گیا، بلاول بھٹو نے عمران خان کے دنیا سے خراب کئے گئے تعلقات کو بحال کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ آپ لوگوں کو دہشت گردی کی ترغیب دے رہے ہیں، عمران خان بری طرح شکنجے میں پھنس چکا ہے، عمران خان کو اب دنیا کی کوئی طاقت نہیں بچاسکتی، عمران خان نے احسان فراموشی کے تمام ریکارڈ توڑ دیئے، عمران خان اقتدار میں صرف مصنوعی وزیراعظم تھے۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top