جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعرات 1446/03/16هـ (19-09-2024م)

قائمہ کمیٹی کرپٹو کرنسی پر پابندی پر متفق، حکومت کا قانون سازی کرنے کا فیصلہ

17 مئی, 2023 12:59

اسلام آباد : ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا کا کہنا تھا کہ ہم کرپٹو کرنسی پر پابندی کیلئے قانون سازی عمل میں لائیں گے۔

سینیٹر سلیم مانڈوی والا کی زیر صدارت سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کا اجلاس ہوا، جس میں ایس ای سی پی حکام کی جانب سے کرپٹو کرنسی پر بریفنگ دی گئی۔

حکام نے بتایا کہ کرپٹو کی آج کیپٹلائزیشن 1.2 کھرب ہے۔ 2017 میں بینکوں کو کرپٹو میں انوسٹ کرنے سے روکا گیا تھا۔ کرپٹو ایک ہائی رسک ایسٹ ہے، جس کا کسی کو کوئی فائدہ نہیں ہوتا۔ بڑے ممالک اب کرپٹو کو ختم کر رہے ہیں۔

بریفنگ کے مطابق ہماری تجویز ہے کہ کرپٹو کرنسی میں کام کرنے پر پابندی لگائی جائے۔ چین نے بھی کرپٹو پر پابندی عائد کی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : شمالی کوریا نے سال 2022 میں دنیا بھر سے ریکارڈ کرپٹو کرنسی چوری کی : خفیہ رپورٹ

عائشہ غوث پاشا نے کہا کہ کرپٹو کرنسی میں ہم ڈیل نہیں کر سکتے۔ ابھی ہم ایف اے ٹی ایف سے باہر آئے ہیں۔ یہ ایسا ایریا ہے۔ جس سے ہمیں بچ کر چلنا چاہیئے۔ سینیٹر فاروق ایچ نائیک کا کہنا تھا کہ اس ٹاپک پر تو بات ہی نہیں کرنی چاہیئے۔

چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ پاکستان میں کرپٹو کے ذریعے اربوں روپے کی ڈیلنگ ہو رہی ہے۔ فاروق ایچ نائیک کا کہنا تھا کہ جو پاکستانی کرپٹو کرنسی میں کام کر رہے ہیں، ان کو سزا ہونی چاہیئے۔ کرپٹو کے حوالے سے باقاعدہ قانون سازی ہونی چاہیئے۔

فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ کرپٹو کے ذریعے مالی دہشت گردی بھی ہو سکتی ہے۔ پہلے ہی ہمیں آئی ایم ایف ڈیل نہیں مل رہی، ان کو تو ہمارے خلاف ذرا سا بہانہ چاہیئے۔ ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا کا کہنا تھا کہ ہم کرپٹو پر پابندی کیلئے قانون سازی عمل میں لائیں گے۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top