جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعہ 1446/03/17هـ (20-09-2024م)

اسلام آباد ہائیکورٹ نے مراد سعید کو گرفتار کرنے سے روک دیا، فریقین سے جواب طلب

07 اپریل, 2023 11:33

اسلام آباد : عدالت نے مراد سعید کو گرفتار کرنے سے روکتے ہوئے، ان کے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات طلب کرلیں ہیں۔

اسلام آباد ہائی کورٹ میں مراد سعید کی مقدمات کی تفصیلات فراہمی اور گرفتاری سے روکنے کی درخواست پر سماعت ہوئی۔

کیس کی سماعت اسلام ہائیکورٹ کے جسٹس ارباب محمد طاہر نے کی۔ درخواست گزار کی جانب سے شیر افضل مروت ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ میرے مؤکل کے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات فراہم کرنے کا حکم دیا جائے۔ ایف آئی اے سمیت دیگر اداروں میں جاری انکوائری اور تفتیش کی تفصیلات بھی فراہم کی جائیں۔

درخواست کے مطابق درخواست پر فیصلہ آنے تک مراد سعید کو گرفتار کرنے سے روکا جائے۔ عمران خان کو عہدے سے ہٹانے کیخلاف پی ٹی آئی نے احتجاج کیا، سوات میں اس احتجاج کو لیڈ کیا۔ علم میں آیا کہ ن لیگ کے کارکنان کی درخواستوں پر مقدمے درج ہوئے۔

یہ بھی پڑھیں : اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق وزیر اعظم کو دی جانے والی سیکیورٹی رولز طلب کرلیئے

درخواست میں کہا گیا کہ اسلام آباد کے مختلف تھانوں میں مقدمات درج کئے گئے ہیں۔ شدید سیکورٹی خدشات کے باوجود سیکورٹی واپس لے لی گئی۔ مناسب سیکورٹی فراہم کرنے کے احکامات جاری کئے جائیں۔

جسٹس ارباب محمد طاہر نے استفسار کیا کہ کیا آپ نے درخواست میں سیکورٹی کی استدعا کی ہے؟ وکیل نے بتایا کہ جی ہم نے سیکیورٹی کی استدعا بھی کی ہے۔ جسٹس ارباب محمد طاہر نے ریمارکس دیئے کہ اس پر ہم مناسب احکامات جاری کریں گے، فریقین کو بلا کر پوچھ لیتے ہیں۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے کیسوں کی تفصیلات آنے تک مراد سعید کی گرفتاری سے روکنے کا حکم دیتے ہوئے فریقین سے اگلے ہفتے تک جواب طلب کرلیا۔ عدالت نے کہا کہ مراد سعید کے خلاف کوئی تادیبی کارروائی نہ کی جائے۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top