جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعرات 1446/03/16هـ (19-09-2024م)

اسرائیل کے مسجد اقصیٰ میں بربریت کے بعد غزہ اور لبنان پر فضائی حملے

07 اپریل, 2023 10:09

اسرائیلی فوج نے مسجد اقصیٰ میں تشدد کے بعد غزہ اور لبنان پر فضائی حملے کیئے ہیں، جسے صیہونی فوج اپنے دفاع کا حق قرار دے رہی ہے۔

یروشلم میں مسجد اقصیٰ پر اسرائیلی فوجیوں کے حملے پر بڑھتا ہوا تناؤ اب جنگی تنازعے کی شکل اختیار کرتا جا رہا ہے، جہاں اسرائیلی فورسز نے اسٹن گرنیڈ فائر کیے، فلسطینی نمازیوں پر حملہ کیا اور انہیں عبادت کرنے سے روکتے ہوئے مقدس مقام سے باہر نکال دیا۔

اسرائیلی فورسز کی اس حرکت پر حماس نے غزہ اور لبنان سے راکٹ فائر کیئے، اس حوالے سے اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ لبنان سے 34 راکٹ فائر کیے گئے، جن میں سے 25 کو روکا گیا اور کم از کم چار ملک کے اندر گرے۔ یہ رواں سال میں لبنان سے اسرائیل کی طرف داغا جانے والا پہلا راکٹ تھا اور 2006 کے بعد سب سے بڑی کارروائی تھی۔

اسرائیلی فوج نے مختصر بیان میں اعلان کیا کہ وہ اس وقت لبنان میں حملہ کر رہی ہے۔ لبنان کے ایک ٹی وی اسٹیشن نے جنوبی بندرگاہی شہر ٹائر میں پناہ گزینوں کے کیمپ کے قریب دھماکوں کی اطلاع دی ہے۔

اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا وہ غزہ میں حماس کی دو سرنگوں اور دو مبینہ ہتھیاروں کی تنصیبات پر حملہ کر رہی ہے۔ جواب میں غزہ سے راکٹ فائر کیے گئے۔ لبنان یا غزہ میں ہلاکتوں یا زخمیوں کی فوری طور پر کوئی اطلاع نہیں ملی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : اسرائیل سے تجارتی تعلقات استوار ہونے کی افواہیں پروپیگنڈا ہیں: وزارت تجارت

اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے دھمکی دی ہے کہ ملک کے دشمن کسی بھی جارحیت کی قیمت ادا کریں گے۔

دریں اثنا، حماس نے ایک بیان کے ساتھ ہوائی حملوں کا جواب دیتے ہوئے کہا ہم صیہونی قبضے کو غزہ کی پٹی کے خلاف شدید جارحیت اور اس خطے پر آنے والے نتائج کے لیے مکمل طور پر ذمہ دار سمجھتے ہیں۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ یہ معلوم نہیں ہو پایا ہے کہ اسرائیلی حملے محدود آپریشن ہے یا اس میں توسیع کی جائے گی، جس سے ایک ایسے تنازعے کا خطرہ ہے، جو قابو سے باہر ہو سکتا ہے۔

امریکہ نے دونوں فریقین کو تحمل پر زور دیا ہے، محکمہ خارجہ کے ترجمان ویدانت پٹیل نے کہا کہ کوئی بھی یکطرفہ کارروائی جو ہمارے لیے جمود کو خطرے میں ڈالے، ناقابل قبول ہے۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top