جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعرات 1446/03/16هـ (19-09-2024م)

زمان پارک پولیس کارروائی کیخلاف درخواست پر حکومت سے 10 اپریل تک جواب طلب

05 اپریل, 2023 14:56

لاہور : جے آئی ٹی کی تشکیل کیخلاف پی ٹی آئی کی درخواست پر صوبائی حکومت سے 10 اپریل تک جواب طلب کرلیا۔

لاہور ہائیکورٹ میں تحریک انصاف کے کارکن ظل شاہ کی موت اور کارکنوں پر پولیس تشدد پر پی ٹی آئی کی تحقیقات کیلئے قائم جے آئی ٹی کی تشکیل کے نوٹیفکیشن کیخلاف درخواست پر سماعت ہوئی۔

جسٹس طارق سلیم شیخ کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے پی ٹی آئی رہنماء مسرت جمشید چیمہ کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست میں چیف سیکریٹری، ہوم سیکریٹری، ایڈیشنل ہوم سیکریٹری، آئی جی سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔

تحریک انصاف کے رہنماء فواد چوہدری نے عدالت میں کہا کہ پہلی دفعہ پلاسٹک کی بوتلوں میں پٹرول بم کا فارمولا پولیس نے دیا۔ دنیا میں کہیں ایسا نہیں ہوا کہ ایسے بھونڈے الزامات لگائے گئے۔

جسٹس طارق سلیم شیخ نے کہا کہ حکومت سے جواب منگوا لیتے ہیں۔ فواد چوہدری نے کہا کہ سر جے آئی ٹی کو کام سے روکنے کا حکم دیں۔ کیسز میں ملوث پولیس افسران کو تحقیقات کیلئے لگا دیا گیا۔ آئی جی پنجاب خود اس ساری غیر قانونی پریکٹس میں ملوث وہ کیسے نگرانی کرسکتا ہے؟

عدالت نے کہا کہ ہم اٹھائے گئے سوالات کے بغیر درخواست پر حکم جاری نہیں کر سکتے۔ پہلے جواب الینے دیں اس کے بعد دیکھ لیتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : انتخابات نہ ہوئے تو غیر آئینی سیٹ اپ کا قیام ہو گا، جو جب تک چل سکا، چلے گا : فواد چوہدری

فواد چوہدری نے کہا کہ نگران وزیر اعلیٰ، آئی جی اس تشدد کے معاملے میں ملوث ہیں۔ عدالت نے کہا کہ دیکھنا یہ ہے کہ جے آئی ٹی تشکیل میں قانونی تقاضے پورے کئے گئے ہیں۔ کابینہ نے جے آئی ٹی کی تشکیل کی منظوری دی۔

ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل غلام سرور نے کہا کہ قانون کے مطابق جے آئی ٹی بنائی گئی ہے۔ پیٹرول بم پولیس پر چلائے گئے افسران اور اہلکار زخمی ہوئے۔ ان سنگین واقعات کی تحقیقات کیلئے جے آئی ٹی بنائی گئی۔

عدالت نے کہا کہ ان کا پوائنٹ یہ ہے کہ مصطفیٰ ایمپیکس کیس کی روشنی میں یہ جے آئی ٹی کیا بن سکتی؟ کیا اس تناظر میں وفاقی حکومت یا صوبائی حکومت جے آئی ٹی بنا سکتی ہے۔

عدالت نے صوبائی حکومت سے 10 اپریل تک جواب طلب کرلیا۔ عدالت کا کہنا تھا کہ تمام پہلوؤں پر معاونت کریں تاکہ ایک اچھا حکم جاری ہوسکے گا۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top