جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعہ 1446/03/17هـ (20-09-2024م)

کوئی پوچھنے والا نہیں، جتنا بڑا غنڈا، اتنا کامیاب، ملک میں ڈنڈے کا قانون چلے گا : شرجیل میمن

01 اپریل, 2023 15:54

کراچی : پیپلز پارٹی کے رہنماء کا کہنا ہے کہ فیصلے قانون کے ذریعے نہیں ڈنڈے اور طاقت کے ذریعے ہوں گے؟ جو جتنا بڑا غنڈا ہوگا وہ اتنا ہی کامیاب ہوگا۔ اب ملک میں ڈنڈے کا قانون چلے گا۔

وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے پریس کانفرنس میں کہا کہ کل کے افسوسناک واقعے کی مذمت کرتا ہوں۔ کمپنی زکوات کی تقسیم کر رہی تھی۔ فیکٹری مالکان نے زکوات کی تقسیم کی اطلاع کسی ادارے کو نہیں دی۔ گورنمنٹ نے فوری طور پر ایف آئی آر کاٹ کر گرفتاریاں کیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی سندھ نے پانچ لاکھ روپے انتقال کرنے والے اور ایک لاکھ روپے زخمیوں کے لیے اعلان کیا۔ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت اٹھتر ہزار خاندانوں کو دو ہزار روپے آٹے کی مد میں دیے جائیں گے۔ ساڑھے پندرہ ارب آٹے کی سبسڈی کی مد میں اعلان کیا ہوا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کسی کو سڑک پر نہ کھڑا کیا جائے۔ مراد علی شاہ نے خصوصی طور پر کہا ہے پچاس ہزار سے کم تنخواہ والا بھی بے نظیر انکم سپورٹ سینٹر جا کر خود کو رجسٹرڈ کروا سکتا ہے۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ ملک کے آئین اور قانون کے بلڈوز کیا جا رہا ہے۔ پاکستان کی پچھتر سال کی تاریخ میں آئین اور قانون کی اس طرح بے توقیری نہیں ہوئی۔ اس ملک میں فیصلے قانون کے ذریعے نہیں ڈنڈے اور طاقت کے ذریعے ہوں گے؟

یہ بھی پڑھیں : چیف جسٹس کو فل کورٹ نہ بنانے کی ضد چھوڑنی چاہیے : سعید غنی

شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ لاہور میں جو تماشے ہوئے پولیس والوں کو مارا گیا، اسٹیٹ کے منہ پر تمانچہ ہے۔ جو گرفتار ہو رہا ہے، سب کو ضمانتیں مل رہی ہیں۔ کوئی سپاہی شہید بھی ہو جائے، تو کوئی پوچھنے والا نہیں تھا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے ایک بار بھی کارکنان کو پر امن رہنے کی ہدایت نہیں کی۔  نہ میڈیا پر شور مچ رہا ہے، نہ ہی عدالت میں۔ پولیس والوں کی سر عام بے توقیری کی جا رہی ہے۔ پیٹرول بم سے حملہ دہشت گردی میں شمار ہوتا ہے۔ اس سے بری لاقانونیت پورے ملک میں کہیں نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ عدالتیں بلا رہی ہیں، عدالتوں میں جانے کے لیے تیار نہیں ہے۔ جادو ٹونے سے گھر سے نکلنے کے لیے تاریخیں بتائی جاتی ہیں۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے ورکروں نے وارنٹ نکلنے کے بعد ملک میں آ کر گرفتاریاں دیں۔ جو جتنا بڑا غنڈا ہوگا وہ اتنا ہی کامیاب ہوگا۔ اب ملک میں ڈنڈے کا قانون چلے گا۔ ہماری عدالتوں کے پاس سارے قوانین موجود ہیں۔

پیپلز پارٹی رہنماء کا کہنا تھا کہ یاسمین راشد اور عارف علوی کی آڈیو پر کسی نی تردید نہیں کی کہ یہ ان کی آواز نہیں ہے۔ ہمارے ملک کا قانون خاموش ہے۔ پانچ چھ ہزار آدمی جمع کرنا مشکل بات نہیں ہے۔  قانون سے بچنا ہے تو زیادہ سے زیادہ غنڈے پالنے ہوں گے۔ قانون کا مذاق بنایا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں دو قانون چل رہے ہیں۔ ملک میں کب تک دوغلہ قانون چلتا رہے گا۔ ثاقب نثار کیوں سامنے نہیں آتے؟ اس ملک کے نظام کو تباہ کیا گیا ہے۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top