جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعرات 1446/03/16هـ (19-09-2024م)

سماعت کے بعد کچھ ملاقاتیں کروں گا، پیر کا سورج اچھی نوید لے کر طلوع ہوگا : چیف جسٹس

31 مارچ, 2023 15:02

اسلام آباد : چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ توقع ہے کہ پیر کا سورج اچھی نوید لے کر طلوع ہوگا، سماعت کے بعد کچھ ملاقاتیں کروں گا۔

سپریم کورٹ میں پنجاب اور خیبر پختونخوا کے انتخابات میں تاخیر سے متعلق پی ٹٰی آئی کی درخواست پر چیف جسٹس عمر عطاء بندیال کی سربراہی میں تین رکنی بینچ کیس کی سماعت کر رہا ہے۔ بینچ میں جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس منیب اختر شامل ہیں۔

پاکستان بار کونسل کے چیئرمین ایگزیکٹیو کونسل عدالت میں پیش ہوئے۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ آپ کو بعد میں سنیں گے۔

حسن رضا پاشا نے کہا کہ بار کا کسی کی حمایت سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ فل کورٹ بینچ نہیں بن سکتا تو فل کورٹ اجلاس کر لیں۔

یہ بھی پڑھیں : سپریم کورٹ نے جسٹس قاضیٰ فائز عیسیٰ کیس کے فیصلے کیخلاف سرکلر جاری کردیا

چیف جسٹس نے کہا کہ فل کورٹ پر ہم سوچ رہے ہیں۔ ججز کے آپس میں تعلق اچھے ہیں۔ کل اور آج 2 ججز نے سماعت سے معذرت کی۔ باہمی اعتراف اور شائستہ گفتگو پہلے بھی ہوئی اور بعد میں بھی۔ کچھ معاملات پر ہماری گفتگو ضروری ہے۔

چیف جسٹس نے کہا کہ سیاسی معاملات سامنے آئے، جس پر میڈیا، پریس کانفرسنز سے تیل ڈالا گیا۔ عدالت نے تمام معاملے پر تحمل کا مظاہرہ کیا۔ کچھ لوگ چند ججز پر تنقید کر رہے ہیں۔ کچھ دوسرے ججز پر تنقید کر رہے ہیں۔ ہم اس معاملے کو بھی دیکھیں گے۔

عدالت نے پاکستان بار کونسل کے چیئرمین کو کہا کہ اس معاملے پر مجھے چیمبر میں ملیں۔ آج پہلی بار آپ عدالت آئے ہیں۔ باتوں سے نہیں عمل سے خود کو ثابت کریں۔ چیمبر میں آئیں آپ کا بہت احترام ہے۔ سپریم کورٹ بار کے صدر مجھ سے رابطے میں رہے ہیں۔

چیف جسٹس نے کہا کہ معاملہ صرف بیرونی امیج کا ہوتا تو ہماری زندگی پرسکون ہوتی۔ میڈیا والے بھی بعض اوقات غلط بات کر دیتے ہیں۔ عدالت ہمیشہ تحمل کا مظاہرہ کرتی ہے۔ سماعت کے بعد کچھ ملاقاتیں کروں گا۔ توقع ہے کہ پیر کا سورج اچھی نوید لے کر طلوع ہوگا۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top